پرنیتی چوپڑا نئی فلم’’دعوت عشق‘‘ میں جلوہ گر، جوہی چاؤلہ بھی مداح نکلیں

جمعہ 20 جون 2014 12:35

پرنیتی چوپڑا نئی فلم’’دعوت عشق‘‘ میں جلوہ گر، جوہی چاؤلہ بھی مداح ..

ممبئ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جون 2014ء) بالی ووڈ کی نئی ابھرتی اداکارہ پرنیتی چوپڑا اب نئی فلم ’’دعوت عشق‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ ادیتی رائے کپور کی فلم ’’دعوت عشق‘‘ کی شوٹنگ ان دنوں ابوظہبی میں جاری ہے‘ جہاں پرنیتی چوپڑا ریگستان میں اسٹون واش جینز‘ پنک شرٹ اور کھلے بالوں کے ساتھ سین فلم بند کروا رہی ہیں۔

اس موقع پر اداکارہ نے کہا کہ ’’ریت آپ کو بے ڈھنگا‘ بے سلیقہ بنا دیتی ہے جہاں پر سخت گرمی اور درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو‘‘۔

فلم ’’دعوت عشق‘‘ کے لیے خصوصی گانا ’’ہولی‘‘ سونگ بھی فلمایا گیا جو کہ اس فلم کا اسپیشل ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے‘ ماضی کی فلم ’’سلسلہ‘‘ کے ہولی کے رنگوں سے بھرے گانے ’’رنگ برسے‘‘ اور اسی طرح فلم ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘ کے گانے ’’بلم پچکاری‘‘کے انداز میں فلمایا گیا یہ گانا بھی ہولی کے رنگوں سے بھر پور ہوگا جسے امید کی جا رہی ہے کہ بہت پسند کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ میوزک ڈائریکٹر ساجد واجد کے سریلے انگ میں ڈھلا یہ گیت بھی ہولی بلاک بسٹر کی زینت بنے گا۔ دوسری طرف سینئر اداکارہ جوہی چاولہ بھی اداکارہ پرنیتی چوپڑا کی اداکاری کے گن گانے لگیں۔

اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے موجودہ دور کی فلموں میں اداکارہ پرنیتی چوپڑا کی فلمیں دیکھی ہیں انھیں ان کی اداکاری بے حد پسند آئی ہے۔

ان میں پیشہ ورانہ اداکارہ کی تمام خصلتیں موجود ہیں وہ پیشنگوئی کرتی ہیں کہ اداکارہ بہت نام کمائے گی اور بہترین اداکارہ کے طور پر خود کو منوائیں گی ۔

وہ ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ اداکارہ کی حال میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گلاب گینگ‘ ہے جو باکس آفس پر خاطر خواہ بزنس نہ کرسکی اور فلاپ رہی۔ 22 اکتوبر 1988ء کو پیدا ہونے والی اداکارہ پرنیتی چوپڑا نے 2011ء نے رومانوی کامیڈی فلم لیڈیز ورسز رکی بہل سے اداکاری کا آغاز کیا۔ پرنیتی چوپڑا بیسٹ فیمیل ڈیبیو فلم فیئر ایوارڈ اور بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کا ایوارڈ بھی پا چکی ہیں۔