طاہرہ آصف کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرینگے،طاہر القادری لاشوں‌ کی سیاست کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ

جمعہ 20 جون 2014 13:16

طاہرہ آصف کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرینگے،طاہر القادری لاشوں‌ کی سیاست ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جون 2014ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ طاہرہ آصف کا قتل ایک متحرک سیاسی ورکر کا قتل ہے،اس کیس میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے، ملزموں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جن ملزمان نے طاہرہ آصف پر فائر کیا انھیں پتہ تھا وہ کسے نشانہ بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری معصوم لوگوں کی لاشوں پر چڑھ کر اقتدار تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے اپنی درخواست میں 21 افراد کو نامزد کیا ہے اور سیاسی ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کی ہے تاہم تفتیشی حکام اور جوڈیشل کمیشن کی ہدایات کے مطابق ہی مزید کارروائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طاہر القادری کی وطن واپسی پر جلسوں اور سڑک کے ذریعے ریلی کے حوالے سے خطرات سے عوامی تحریک کے سربراہ اور ان کی جماعت کو آگاہ کر دیا ہے تاہم وہ جب ائیر پورٹ پر آئیں گے تو انہیں مزید اعلیٰ حکام بھی بریفنگ دیں گے ۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سیاسی بے روزگار اور سیاسی آوارہ گرد ماڈل ٹاون کے واقعہ کو سیاست کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گلو بٹ ایک نیم پاگل شخص ہے اور اس کے خاندان والے اس کا دماغی معاہنہ کروانے کی درخواست بھی کر چکے ہیں۔