پاکستان اسٹیل طے شدہ اہداف کے مطابق جلد ہی بریک اِیون پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا، ترجمان پاکستان اسٹیل

جمعہ 20 جون 2014 18:21

پاکستان اسٹیل طے شدہ اہداف کے مطابق جلد ہی بریک اِیون پوائنٹ حاصل کرنے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) ترجمان پاکستان اسٹیل نے کہا کہ نئے مالی سال 2014-15 ء کے آغاز پر پاکستان اسٹیل اپنی بین الاقوامی معیار کی مصنوعات میں بتدریج اضافے کا بھی آغاز کررہا ہے۔ وزارت ِ صنعت و پیداوار ، حکومت پاکستان کی زیر ِ نگرانی پاکستان اسٹیل طے شدہ اہداف کے مطابق لد ہی بریک ایون پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ… ! پاکستان اسٹیل کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ، میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان کی مخلصانہ قیادت اور تکنیکی مہارت کے ساتھ موجودہ حکومت پاکستان کے جاری کردہ مالیاتی پیکیج کے تحت پاکستان اسٹیل کی پیداوار کو جولائی 2014 ء سے 20 فیصد سے شروع کرتے ہوئے 80 فیصد تک لیجایا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ پیداواری عمل پاکستان اسٹیل کے مربوط کارخانوں کے ذریعے مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ تمام رجسٹرڈ کنزیومرز اور ٹریڈرزپاکستان اسٹیل کی مروّجہ سیلز پالیسی کے مطابق تمام معیاری مصنوعات خرید سکیں گے۔ترجمان پاکستان اسٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل اپنے قیام سے لے کر ابتک بڑے نشیب و فراز سے گذرا ہے ۔

اللہ کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت کے تعاون سے بحالی و ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔

پاکستان اسٹیل ایک قومی ادارہ ہے ۔ ملک کا واحد فولادساز ادارہ(پاکستان اسٹیل) نہ صرف ابتک قومی خزانے میں تقریباً 106 ارب روپے کی خطیر رقم جمع کراچکا ہے، بلکہ ہزاروں پاکستانیوں کو براہ راست روزگار کے مواقع بھی میسر آئے ہیں اور لاکھوں پاکستانی بھی اس قومی ادارے کی بدولت دیگر صنعتی اداروں میں روزگار حاصل کرچکے ہیں۔ جبکہ سیکڑوں چھوٹی اور بڑی صنعتیں پاکستان اسٹیل کی وجہ سے فروغ پارہی ہیں۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسی کی بدولت پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ ملک کے واحد فولاد ساز ادارے کی بحالی اور ترقی کے لئے مسلسل کوششیں اور کاوشیں کررہی ہے۔ اُمید ہے کہ اس قومی ادارے کی بحالی سے پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل کے نزدیک صنعتوں کے فروغ کے لئے بن قاسم کے مقام پر ڈاؤن اسٹریم انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے ابتک 44 کارخانے اور صنعتیں قائم ہوچکی ہیں جہاں پر پاکستان اسٹیل کی بین الاقوامی معیار کی مصنوعات سے مشینری اور پرزہ جات تیار کئے جاتے ہیں اور یہ پرزہ جات بیرون ملک درآمد کرکے زرمبادلہ حاصل ہورہا ہے اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :