سانحہ لاہور کی عدالتی تحقیقات کے لیے قائم ٹریبونل نے منہاج القرآن کو بھی کارووائی میں شرکت کرنے اور اپنا موقف ریکارڈ کروانے کی دعوت دیتے ہوئے سانحہ لاہو رکے متعلق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا

جمعہ 20 جون 2014 18:45

سانحہ لاہور کی عدالتی تحقیقات کے لیے قائم ٹریبونل نے منہاج القرآن کو ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) سانحہ لاہور کی عدالتی تحقیقات کے لیے قائم ٹریبونل نے منہاج القرآن کو بھی کارووائی میں شرکت کرنے اور اپنا موقف ریکارڈ کروانے کی دعوت دیتے ہوئے سانحہ لاہو رکے متعلق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں ٹریبونل نے کارروائی کا آغاذ کیا تو آئی جی پنجاب پیش نہ ہوئے جس پر فاضل جج نے افسوس کا اظہار کیا۔

آئی جی پنجاب تاخیر سے پہنچے اور بیان دیا کہ وہ ٹریبونل کے حکم کو درست طریقے سے نہیں سمجھ سکے کہ انھیں روز حاضر ہونا ہے۔ ٹریبونل نے قرار دیا کہ آئی جی آئندہ کمیشن کے حکم کو درست طریقے سے سمجھ کر اس پر عمل کریں۔ کمیشن کے معاونین نے بیان ریکارڈ کروائے کہ منہاج القرآن کے پندرہ سے بیس لوگ لاپتہ ہیں جن کے متعلق کچھ نہیں بتایا جا رہا جبکہ پولیس منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے خطرناک اسلحے کی برآمدگی کا دعوای تو کرتی ہے مگر اس کا ریکارڈ ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

گلو بٹ کے خلاف معمولی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس کی وجہ سے وہ ایک دو روز میں ضمانت پر رہا ہو جائے گا اور اس کا الزام بھی عدلیہ پر لگے گا لہذا گلو بٹ کے خلاف بھی انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا حکم دیا جائے۔ ٹریبونل نے سماعت کے بعد سیکرٹری کلچر کو سانحہ لاہور کے حوالے سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں شائع ہونے والا تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے الیکٹرانک میڈیا کو ٹریبونل کی معاونت کرنے کی بھی دعوت دی۔ کمیشن کے رجسٹرار کو ہدایت کی گئی کہ وہ منہاج القرآن کو دعوت دیں کہ وہ بھی کارروائی میں حصہ لیں تاکہ حقائق درست طریقے سے ریکارڈ پر آسکیں۔

متعلقہ عنوان :