جماعةالدعوة نے وزیرستان آپریشن سے متاثرہ قبائلیوں کی امداد کیلئے بڑے پیمانے پرریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ‘ حافظ محمد سعید

جمعہ 20 جون 2014 19:12

جماعةالدعوة نے وزیرستان آپریشن سے متاثرہ قبائلیوں کی امداد کیلئے بڑے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعةالدعوة نے وزیرستان آپریشن سے متاثرہ قبائلیوں کی امداد کیلئے بڑے پیمانے پرریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، لاہورسے 2ہزار سے زائد خاندانوں کیلئے 50لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان بھجوایا گیا ہے،متاثرین کے سحروافطار کا بھی بندوبست کریں گے،پوری قوم دل کھول کر متاثرین کی مدد کرے،یہ امدادی سامان کی پہلی کھیپ ہے،ملک بھر میں وسائل جمع کر رہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر مختلف شہروں سے امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،سارا پاکستان محب وطن قبائلیوں کا گھر ہے ۔

وہ جہاں کہیں بھی قیام کرنا چاہیں ہم ان کی بھرپور مدد کریں گے۔ وہ چوبرجی چوک میں جماعةالدعوة کے زیر اہتمام وزیرستان آپریشن سے متاثرہ قبائلیوں کیلئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

بنوں ، ڈیرہ اسمٰعیل خاں، کرک، ژوب و دیگر علاقوں میں جماعةالدعوة کی طرف سے 10ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔

امدادی سامان میں آٹا، چاول، گھی، چینی اور دیگر اشیائے خورونوش شامل ہیں۔

اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف،جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حاجی جاوید الحسن، ترجمان جماعةالدعوة محمد یحییٰ مجاہد، مولانا محمد ادریس فاروقی و دیگر بھی موجود تھے۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف وزیرستان آپریشن کے مسئلہ پر اے پی سی بلائیں اور ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیداکرنے کی کوشش کریں۔

یہ وقت گروہی سیاست کا نہیں ہے‘ملکی دفاع کے مسئلہ پر سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام محب وطن اور ہمیشہ پاکستان کے پشتیبان رہے ہیں۔ان قبائلیوں نے تحریک پاکستان و کشمیرمیں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب بھی ہم سب نے متحد ہو کر پاکستان کی حفاظت کرنی ہے۔ شمالی وزیرستان کے عوام بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خاں، کرک اور ژوب سمیت جہاں کہیں بھی وقتی طور پر رہنا چاہیں مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔

کمانڈرحافظ گل بہادر نے ان حالات میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔اس نازک مرحلہ پر ہم نے دشمن کی تمام تدبیروں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔محب وطن قبائلیوں کی مدد اپنا فرض سمجھتے ہیں۔تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ زلزلہ ، سیلاب ہو یا کوئی اور قدرتی آفت جماعةالدعوة نے امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

سوات ، مالاکنڈ کے متاثرین کی بھی بھرپور امداد کی گئی۔ حالیہ آپریشن بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔ رمضان المبارک کی آمد قریب اور سخت گرمی کا موسم ہے۔ لاکھوں لوگ شمالی وزیرستان سے نکل مکانی کر کے آرہے ہیں۔ان حالات میں بڑے پیمانے پرریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعةالدعوة کی طرف سے ملک بھر کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے شہروں میں قبائلی بھائیوں کیلئے وسائل جمع کریں۔

تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کودل کھول کر اپنے ان متاثرہ بھائیوں کی بھرپور مدد کرنی چاہیے یہ ہم سب کا فریضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ امریکہ افغانستان سے شکست کھا کر جارہا ہے اور پاکستان سے انتقام لینا چاہتا ہے۔ انڈیا بھی اس صورتحال سے بھرپو ر فائدے اٹھا رہا ہے اور اپنے مذموم ایجنڈے پورے کرنا چاہتا ہے۔ حکومت،فوج اور سب جماعتوں کودشمن کی تدبیریں ناکام بنانے کیلئے ایک ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ اور انڈیا کی ملک میں مداخلت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ آپریشن کے دوران بے گناہ قبائلیوں کو نشانہ مت بنایا جائے صرف ان لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے جو بھارت و امریکہ کی سازشوں کا شکار ہو کر ملک کو خاک و خون میں تڑپا رہے ہیں۔امریکہ افغانستان میں بدترین شکست پر پاکستان کو انتقام کا نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ درحقیقت یہ آپریشن امریکہ و بھارت کی سازشوں کے خلاف ہے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہاکہ وزیرستان آپریشن متاثرین کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے‘ہر گھر میں راشن پہنچائیں گے۔

آج جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے لاہور سے 2ہزار خاندانوں کے لئے 50لاکھ روپے مالیت کا خشک راشن روانہ کیا جا رہا ہے ۔رمضان قریب ہے اگلے مرحلے میں سحری و افطاری کے سامان پر مشتمل امدادی سامان کی کھیپ روانہ کی جائے گی۔

جماعة الدعوة متاثرین کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گی جس میں سرجیکل یونٹ بھی ہو گا ۔جب تک متاثرین گھروں میں نہیں جائیں گے جماعة الدعوة مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہاکہ جماعة الدعوة نے چار روز قبل آپریشن کے پہلے دن سے ہی ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان،بنوں،لکی مروت،کرک،کوہاٹ میں جماعة الدعوة ریلیف آپریشن کر رہی ہے۔

دوسرے مرحلے میں متاثرین کو کھانا کھلانے کے انتظام کیا گیا ہے،پکی پکائی خوراک اور پانی کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ جماعة الدعوة ہزاروں متاثرین کے لئے کھانے اور پانی کا انتظام کر رہی ہے ۔ دریں اثناء امیر جماعةالدعوة پاکستان حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعةالدعوة کی طرف سے ریلیف آپریشن شروع کرنے سے غیر ملکی این جی اوز کی سازشوں کے جال کاٹنے میں مدد مل رہی ہے۔

ہم نے اسلام دشمنوں کیلئے ریلیف کی آڑ میں ملک دشمن سرگرمیاں پروان چڑھانے کیلئے راستے کھلے نہیں چھوڑنے۔بنوں اورڈیرہ اسمٰعیل خاں میں امدادی کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ ژوب اور کرک میں بھی امدادی سرگرمیاں جلد شروع ہو رہی ہیں۔ جماعةالدعوة کی ریلیف سرگرمیوں سے آپریشن کے منفی اثرات ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ بھارت و امریکہ خوفناک سازشیں کر کے قبائل میں بغاوتیں کھڑی کر رہے ہیں وگرنہ قبائل کی اکثریت اسلامی اعتبار سے بہت مضبوط ، محب وطن اور دفاع پاکستان کیلئے ہمیشہ ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے والی ہے۔

شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثر ہونے والے لاکھوں لوگ بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خاں، کرک اور ژوب میں نقل مکانی کر کے آرہے ہیں۔رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے دوران انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے متاثرہ بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی جائے۔

متعلقہ عنوان :