یوگنڈاکے صدر کوپارلیمنٹ میں سوتا دکھانے پر حکومت نے ٹی وی چینل بند کردیا

جمعہ 20 جون 2014 21:18

یوگنڈاکے صدر کوپارلیمنٹ میں سوتا دکھانے پر حکومت نے ٹی وی چینل بند ..

کمپالا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء)یوگینڈا کی حکومت نے پارلیمنٹ کے اندر صدر یووری موسیونی کو سوتا دکھانے پر ملک کے بڑے چینلوں میں شمار ایک ٹی وی سٹیشن پر آئندہ صدراتی تقریبات کی کوریج پر پابندی لگا دی،حکومتی میڈیا سینٹر کے مینیجر ڈینس کٹونگی نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ سب کو پتاہے کہ صدر عادتا مراقبے میں چلے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود کہا گیا کہ وہ سو رہے ہیں،سرکاری ترجمان نے وسطی افریقہ کے سب سے بڑے میڈیا ہاؤس کے ٹی وی چینل ”این ٹی وی یوگنڈا“کو سزا دینے کی تصدیق کی،انہوں نے کہاکہ ہم ٹی وی چینل کے ساتھ اپنے تعلقات کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں اور ہم نے انہیں صدر کی مزید کوریج سے روک دیا ہے،سرکاری ترجمان نے این ٹی وی پر جانبدرانہ کوریج اور پیشہ ورانہ مہارت کی کمی کا بھی الزام لگایا،کٹونگی کے مطابق یہ پابندی مستقل نہیں عارضی ہے تاکہ وہ اپنے طرز عمل پر غور کر سکیں،ادھراین ٹی وی کا کہنا تھا کہ انہیں اب تک معطلی سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔