آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے لیے اتوار 22جون کو ملک بھر میں یومِ دعا منایا جائے گا

ہفتہ 21 جون 2014 18:57

آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے لیے اتوار 22جون کو ملک بھر میں یومِ دعا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین21جون۔2014ء)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے لیے اتوار 22جون کو ملک بھر میں یومِ دعا منایا جائے گا اس سلسلہ میں تمام مساجد میں پاک فوج کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ سنی اتحاد کونسل ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبال میں شریک ہو گی۔

رانا ثناء الله کی برطرفی اعترافِ جرم ہے۔ رانا ثناء الله سے استعفیٰ لے کر سانحہٴ لاہور پر مٹی نہیں ڈالی جا سکتی۔ شریف برادران کی کابینہ کا ہر وزیر گلو بٹ بنا ہوا ہے۔ عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے وقتی طور پر رانا ثناء الله کو منظر سے ہٹایا گیا ہے تاکہ عوام کا غصہ کم ہو۔ شہدائے سانحہٴ لاہور کے قاتلوں کو سزائیں ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا شاہی خاندان براہ راست سانحہٴ لاہور کا ذمہ دار ہے۔ عوامی تحریک کے گرفتار کارکنان رہا اور لاپتہ کارکنان بازیاب کرائے جائیں۔

پولیس کی مدعیت میں درج کرائی گئی ایف آئی آر خارج کی جائے اور منہاج القرآن کی ایف آئی آر پر مقدمہ درج کیا جائے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پولیس کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ شریف برادران طاقت اور جبر سے مخالفین کو دبانے کے عادی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ گلو بٹ معرکہ کے بعد حکومت اب زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکتی۔ ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرتے نظر آنے والے پولیس اہلکاروں اور ان کی کمانڈ کرنے والے پولیس افسروں کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔

طاہرالقادری نے لاشوں پر سیاست کرنا ہوتی تو لاشیں مال روڈ پر رکھ کر غیرمعینہ مدت کے لیے دھرنا دینے کی کال دیتے۔ طاہرالقادری صبر کا مظاہرہ نہ کرتے تو پورے ملک میں آگ لگ جاتی۔ دخترانِ اسلام کو شہید کرنے والے عذابِ الٰہی سے بچ نہیں سکتے۔ حکومت کے غیرجمہوری آمرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈے حکومت مخالف تحریک کو دبا نہیں سکتے۔ جمہوریت کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہوں گے۔

حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ اجلاس میں علامہ محمد شریف رضوی، طارق محبوب صدیقی، سیّد جوادالحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، ارشد مصطفائی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا وزیرالقادری، صاحبزادہ مطلوب رضا، مفتی محمد حسیب قادری، الحاج سرفراز احمد تارڑ، شیخ محمد ذوالفقار رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔