پشاور:طیارے پر فائرنگ، سرچ آپریشن میں 100 سے زائد گرفتار ،9 گھنٹوں بعد فلائٹس بحال

بدھ 25 جون 2014 11:44

پشاور:طیارے پر فائرنگ، سرچ آپریشن میں 100 سے زائد گرفتار ،9 گھنٹوں بعد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جون 2014ء) پشاور ائیرپورٹ پر طیارے پر فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، نو گھنٹے بعد پشاور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریاض سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 756 پر لینڈنگ کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ۔ گولیاں لگنے سے مسافر خاتون مقنون بیگم دم توڑ گئی ، فائرنگ کی زد میں آکر دو فلائٹ اسٹیوارڈز بھی زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

طیارے کے اگلے اور پچھلے حصے میں 12 گولیاں لگیں ، ایک گولی طیارے کے انجن نمبر ٹو کو بھی لگی ۔ فائرنگ کے تین منٹ بعد طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی ۔ طیارے پر فائرنگ باڑہ روڈ کے قریبی علاقے سے کی گئی ۔ فائرنگ کے بعد پشاور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ملتوی کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پاک فوج اور پولیس نے باڑہ روڈ کے علاقوں سربند ، لنڈی اخون احمد ، پشتخارہ بالا اور اچینی میں سرچ آپریشن کیا ۔ اس دوران سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جس کے بعد صبح آٹھ بجے باچا خان ائیرپورٹ پرفلائٹ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ فلائٹ آپریشن ملتوی ہونے کے باعث پشاور سے بیرون و اندرون ملک جانے اور آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

متعلقہ عنوان :