لاہور‘ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے وارڈنز کو انکے ڈیوٹی پوائنٹس پر افطاری کا سامان دینے کا فیصلہ

بدھ 25 جون 2014 18:30

لاہور‘ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے وارڈنز کو انکے ڈیوٹی پوائنٹس ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جون 2014ء) رمضان المبارک میں عوام کی سہولت اور افطاری کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو ہر ممکن یقینی بنانے کے لیے وارڈنز کو افطاری کے لیے سامان ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر ہی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،افطاری کے اوقات میں ایس پیز، سرکل افسران اور سیکٹر انچارجز ، شاہراہوں پر موجود ہوں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک میں خصوصاََ افطاری کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر ہی افطاری کا سامان مہیا کیا جائے گاتاکہ وہ پوری محنت اور لگن سے اپنی ڈیوٹی کر سکیں ۔سی ٹی اونے ایس پیز کو نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے تما م سرکل افسران کو کہا کہ وہ افطاری کے اوقات میں اپنے اپنے سرکل میں پٹرولنگ کریں گے ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ پوائنٹ ڈیوٹی کرنے والے وارڈنز تک افطاری کے سامان کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔ سی ٹی او نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔