کوئٹہ: پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے پاسنگ آؤٹ پریڈ

جمعرات 26 جون 2014 12:20

کوئٹہ: پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے پاسنگ آؤٹ پریڈ

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انسدادِ دہشت گردی کی تربیت پانے والے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ آج جمعرات کی صبح ہوئی۔خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان میں شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے پاک فوج نے پولیس اہلکاروں کو تربیت دینے کا سلسلہ رواں سال مئی شروع کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پولیس کے دو سو دس کے قریب جوانوں نے شرکت کی۔

پولیس کے اس بیچ میں ڈسٹرکٹ پولیس، اے ٹی ایف اور دیگر شعبوں سے بھی پولیس اہلکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے اغوا کاروں کے چنگل سے مغویوں کو چھڑانے، اپنے اہداف کو مہارت سے نشانہ بنانا، جبکہ بلند عمارتوں سے کم سے کم وقت میں نیچے اترنے کا عملی مظاہرہ، عمارتوں کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔اب تک فوج سے تربیت پانے والے پولیس اہلکاروں کی کل تعداد سات سو ہوگئی ہے، جبکہ مزید سات سو جوان تربیت حاصل کریں گے۔تقریب کے اختتام پر پولیس اہلکاروں نے شاندار پریڈ کے ذریعے مہمان خصوصی سدرن کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو سلامی پیش کی، جبکہ مہمان خصوصی نے تربیت مکمل کرنے والے پولیس جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔