ریٹائرڈ فوجی افسران اپنے بیانات سے آپریشن کو متنازع نہ بنائیں، چوہدری نثارعلی

بدھ 2 جولائی 2014 18:34

ریٹائرڈ فوجی افسران اپنے بیانات سے آپریشن کو متنازع نہ بنائیں، چوہدری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے اور ریٹائرڈ فوجی افسران اپنے بیانات سے فوجی آپریشن کو متنازع نہ بنائیں۔نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے تدبر کا تقاضا کرتے ہیں، رازداری سے کام لینا ہی ملک کے لئے بہتر ہوتا ہے اس لئے نازک معاملات کو میڈیا پر زیر بحث نہ لایا جائے، قوم فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران کو بیان دیتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ فوجی قیادت کے فیصلوں پر بیانات مشکلات پیدا کرسکتے ہیں اور زبان کی معمولی لغزش بدترین صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران تدبرسےکام لیں اور بیانات سے فوجی آپریشن کو متنازع نہ بنائیں اسی میں ملک اورقوم کی بھلائی ہے،اس لئے اپنے بیان اور عمل سے دشمنوں کو تقویت نہ پہنچائیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل پاک فوج کے سابق ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ 2010 میں کرلیا گیا تھا تاہم اس وقت کے آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی اس سلسلے میں ہچکچاہت کا شکار تھے۔