اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سینکڑوں وی آئی پیز کو جرمانے ادا کرنا پڑے

جمعرات 3 جولائی 2014 12:18

اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سینکڑوں وی آئی پیز کو جرمانے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3جولائی 2014ء) سیکڑوں وی آئی پیز رواں سال کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے جانے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھرنے پر بھی مجبور ہوئے۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سرخ بتی کی خلاف ورزی، تیز رفتار، سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ اور ڈرائیو کرتے ہوئے موبائل فون کا استعمال جیسے قوانین کی خلاف ورزی پر وی آئی پیز کو روکا گیا۔

ٹریفک حکام نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 200فوجی افسران، فضائیہ کے 14عہدیداران اور نیوی کے 6 عہدیدار بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسی طرح پانچ وفاقی وزراء ، قومی اسمبلی کے 57 اراکین، 31 سینیٹرز، دس صوبائی وزراء، اکیس صوبائی اسمبلیوں کے اراکین، تیرہ سفارتکار، بارہ وفاقی سیکرٹریز، چالیس سینئر سرکاری افسران، اٹھارہ عدالتی افسران، تیرہ سنیئر پولیس عہدیدار اور تیرہ صحافی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر اسلام آباد میں چھ ماہ کے دوران چار لاکھ سے زائد ڈرائیورز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر دس کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ ادا کیا سرخ بتی کو سبز سمجھ کر گاڑی چلانے والوں کی تعداد 19 ہزار 394 رہی، 61 ہزار سے زائد سیٹ بیلٹ نہ پہن کر ڈرائیونگ کرتے پکڑے گئے، جبکہ موبائل فون صارفین کی تعداد لگ بھگ پندرہ ہزار رہی، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا 43 ہزار سے زائد افراد پر بھاری رہا۔

متعلقہ عنوان :