پاکستانی گلوکاروں کے گیت فلموں میں شامل نہ کرنیکی بھارتی سازش

جمعرات 3 جولائی 2014 12:53

پاکستانی گلوکاروں کے گیت فلموں میں شامل نہ کرنیکی بھارتی سازش

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) بھارت کے سازشی گلوکاروں نے ایک معروف میوزک کمپنی کی مدد سے پاکستانی گلوکاروں کے گائے گیتوں کو فلموں میں نہ شامل کیے جانے کی مہم چلادی۔ فلموں کے میوزک ریلیزکرنے والی ایک کمپنی نے اس سلسلہ میں فلمسازوں اور ہدایتکاروں کو اپنی فلموں کے گیت صرف بھارتی گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کروانے کا ’’آرڈر‘‘ جاری کردیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی میوزک کمپنی کی جانب سے فلموں کا میوزک ریلیز کروانے کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی فلمساز یا ڈائریکٹر اپنی فلم کامیوزک ان کے ادارے سے دنیا بھر میں ریلیز کروانا چاہتا ہے تواس کے لیے صرف انہی گلوکاروں سے گیت ریکارڈ کروائے جائینگے جو ان کے پینل پرہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کسی بھی پاکستانی سنگرکے گائے گیت کے ساتھ میوزک ریلیزنہیں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے جس میں بھارت کی انتہا پسند ہندؤں کی تنظیم بھی سپورٹ کررہی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے معروف فلمسازاداروں نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا ہے کیونکہ بالی ووڈ میں بڑے بجٹ سے بننے والی اکثر فلموںمیں پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خاں، عاطف اسلم اورشفقت امانت علی خاں کے گائے گیت شامل ہیں۔

بھارتی فلموں کے میوزک کا بزنس منافع بخش کرنے میں پاکستان کے تینوں گلوکاروں نے اہم کردارادا کیا ہے بلکہ بہت سی بھارتی فلمسازکمپنیوں کا یہ ماننا ہے کہ راحت فتح علی اورعاطف اسلم کے گیتوں کے بنا اب فلموں کی کامیابی ممکن نہیں۔ اس حوالے سے فلم میکرز کا آپس میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن تاحال میوزک کمپنی کے منتظمین اپنے پینل کے سنگرز کے گیت شامل کروانے کے لیے باضد ہیں۔