حکومتی دعوے ناکام‘ ٹانک میں سحری‘ افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ‘16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا

جمعرات 3 جولائی 2014 13:56

حکومتی دعوے ناکام‘ ٹانک میں سحری‘ افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی ..

ٹانک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) حکومتی احکامات نظرانداز‘ ٹانک میں سحری و افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی بندش معمول بن گئی‘ پانچ گھنٹے کی بجائے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے روزہ دار چکراگئے‘ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے شہریوں کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف دینے کیلئے شہروں میں پانچ جبکہ دیہی علاقوں میں سات گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنے اور اس کیساتھ ساتھ سحری و افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی بند نہ رکھنے کا اعلان کیا گیا لیکن ٹانک میں اس کے باوجود بھی سولہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کیساتھ ساتھ سحری و افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی بندش کو معمول بنالیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جبکہ ٹانک میں گرڈ حکام سے معلوم کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گرڈ میں نصب 2026 ایم وی اے ہائی پاور ٹرانسفارمر اوورلوڈ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے پورے ضلع کی بجلی ایک ساتھ چلانا ممکن نہیں جبکہ دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹانک گرڈ سٹیشن کیلئے منظور شدہ دوسرا ہائی پاور 2026 ایم وی اے ٹرانسفارمر کئی سال سے بنوں میں پڑا ہے اور واپڈا حکام کی جانب سے اس کی تنصیب میں لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :