مسجد الحرام میں مزید سوا چھ لاکھ نمازیوں کیلئے جگہ تیار ‘ نئی عمارت عبادت گزاروں کیلئے کھول دی گئی

جمعرات 3 جولائی 2014 17:59

مسجد الحرام میں مزید سوا چھ لاکھ نمازیوں کیلئے جگہ تیار ‘ نئی عمارت ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء)خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ نے مسجد الحرام کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد کی نئی تعمیر شدہ عمارت کو نمازیوں کے استعمال کے لئے کھول دیا جائے ۔ اس طرح مسجد کے اندر اور اس کے صحنوں میں مزید سوا چھ لاکھ نمازی عباد ت کر سکیں گے اور مسجد کے اندر اور باہر عبادت گزاروں کا ہجوم کم ہو گا ۔

(جاری ہے)

شاہ عبد اللہ نے مزید حکم دیا ہے کہ طوافِ کعبہ کے لئے نئی تعمیر کی جانے والی جگہ کا گراؤنڈ اور فرسٹ فلور بھی کھول دیا جائے جہاں ایک گھنٹے میں 40ہزار افراد طواف کر سکتے ہیں ۔ مسجد الحرام میں آج کل تقریبا ًدو لاکھ افراد روزانہ نماز ِ تراویح ادا کرتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی برقرار رکھنے اور حاجیوں کی آمد و رفت بالخصوص پر ہجوم مقامات پر نظر رکھنے کے لئے مسجد کے اندر اور باہر 1250 مقامات پر نگران کیمرے لگائے گئے ہیں جن کے منظر دیکھنے کے لئے 270ٹی وی سکرینیں نصب کی گئی ہیں ۔