مولانا انقلاب کا تابوت لے کر جلد کینیڈا روانہ ہوجائینگے ، چوہدری برادران ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ‘رانامشہود احمد

جمعرات 3 جولائی 2014 19:44

مولانا انقلاب کا تابوت لے کر جلد کینیڈا روانہ ہوجائینگے ، چوہدری برادران ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) صوبائی وزیر قانون رانامشہود احمد خاں نے کہاہے کہ کینیڈین مولانا غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں پولیس کو حکومتی احکامات نہ ماننے پر اکسانا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ، مولانا انقلاب کا تابوت لے کر جلد کینیڈا روانہ ہوجائیں گے اور چوہدری برادران ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔

وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے مولانا طاہر القادری کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے غیور عوام غیر ملکی شہری کی سازش کو ناکام بنا دیں گے اور وہ اپنے مردہ انقلاب سمیت کینیڈا لوٹ جائیں گے ۔انہو ں نے کہاکہ مولانا کے انداز گفتگو کو کسی طور مہذ ب نہیں کہاجاسکتا وہ جوش خطابت میں اخلاقی اقدار کو پامال کررہے ہیں ان کی گفتگو دعوے او رنعرے کسی مزاح سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

رانامشہود نے کہاکہ مولانا کا انقلاب دم توڑ چکا ہے وہ اپنی پے در پے ناکامیوں سے حواس باختہ ہوچکے ہیں کیونکہ عوام ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری برادران طاہر القادری کی ترجمانی کرکے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔چوہدری برادران کی ریکارڈ کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ عوام نے الیکشن میں ان کی بری طرح درگت بنائی وہ آمر کے سائے تلے پنپنے والے طفیلی سیاستدان ہیں ۔عوام نے انہیں مسترد کرکے ان کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیاہے ۔

متعلقہ عنوان :