کولمبیا سے مقابلے کیلیے ذہنی وجسمانی طور پر تیار ہوں،نیمار

جمعہ 4 جولائی 2014 12:19

کولمبیا سے مقابلے کیلیے ذہنی وجسمانی طور پر تیار ہوں،نیمار

فورٹالیزا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4جولائی 2014ء) برازیلین فٹبالر نیمار نے کہا ہے کہ وہ جمعے کو فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کا سامنا کرنے کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہ یہ میچ آسان نہیں ہوگا،لوگوں کو زیادہ گولزکی توقع نہیں کرنی چاہیے، نیمار نے کہا کہ ہر بار پارٹی نہیں ہوتی، شو نہیں ہوتا اور 4یا5گولز سے فتح نہیں ملتی،آج کی فٹبال میں مسابقت بہت زیادہ ہوگئی ہے،اگر ہمیں ایک گول کی برتری کا دفاع بھی کرنا پڑا توکریں گے، ہم صرف جیتنے کا عزم لیے یہاں موجود ہیں۔

نیمار نے صحافیوں کی جانب سے کوارٹر فائنل کو کولمبیا کے مڈفیلڈر اور ٹورنامنٹ ٹاپ اسکورر جیمز روڈریگز اور اپنے مابین اصل مقابلہ قرار دینے کے خیال کو رد کردیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم دونوں 22 سال کے ہیں،کم عمری میں ہی جیمز نے عمدہ کارکردگی سے خود کو عظیم کھلاڑی ثابت کر دیا، میں پُرامید ہوں کہ انکے گول کرنے کا سلسلہ اب ختم اور برازیلین ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ رواں ورلڈکپ میں برازیلین ٹیم اب تک وہ کارکردگی نہیں دکھا پائی جس کی اس سے توقع کی جا رہی تھی، اب تک ٹورنامنٹ میں ٹیم نے صرف 8 گول کیے، ان میں سے 4 نیمار کے نام درج ہوئے۔

چلی کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں نیمار کے گھٹنے اور ران پر چوٹ لگ گئی تھی تاہم انھوں نے کہا کہ اب مکمل طور پر فٹ ہوں، انھوں نے اس خیال کو بھی مسترد کر دیا کہ برازیلین کھلاڑی ہوم کراؤڈ کے سامنے فتح کی توقعات کے سبب نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں، نیمار نے کہا کہ کوئی بھی جذباتی نہیں ہو رہا، سب ٹھیک اور ہم کولمبیا کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔

چلی سے میچ میں پنالٹیز پر فتح کے بعد نیمار سمیت کئی برازیلین کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے تھے،اس کے بعد تربیتی سیشن میں کوچ اسکولری نے ایک ماہرِ نفسیات کو بھی طلب کیا۔