زیادہ ٹی وی مت دیکھیں ، عمر کم ہو سکتی ہے

جمعہ 4 جولائی 2014 14:32

زیادہ ٹی وی مت دیکھیں ، عمر کم ہو سکتی ہے

میڈریڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4جولائی 2014ء)سپین میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق بتاتی ہے کہ ہر روز ٹیلی ویڑن کے سامنے تین سے چار گھنٹے گزارنے سے زندگی کا دورانیہ کم ہو سکتا ہے اور انسان وقت سے پہلے موت کے منہ میں جا سکتا ہے۔ تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد دن میں دو گھنٹے ٹی وی دیکھتے ہیں ان میں وقت سے پہلے مرنے کی شرح دن میں ایک گھنٹہ ٹی وی دیکھنے والوں کی نسبت 40 فی صد زیادہ تھی۔

(جاری ہے)

ماہرین کہتے ہیں کہ کسی بھی انسان کے لیے زیادہ بیٹھنا درست نہیں مگر گاڑی چلاتے وقت بیٹھنا یا پھر کمپیوٹر پر بیٹھنا اتنا نقصان دہ نہیں جتنا کہ ٹیلی ویڑن کے سامنے دیر تک بیٹھنے سے نقصان ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر روز ٹی وی کے سامنے دو گھنٹے گزارنے سے انسان کی زندگی میں وقت سے پہلے موت کا 13 فی صد امکان بڑھ جاتا ہے۔ دوسری طرف اگر ہر روز ٹی وی کے سامنے تین گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت گزارا جائے تو پھر یہ شرح مزید بڑھ جاتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے کی گئی تحقیق کے نتائج یہ ثابت نہیں کرتے کہ ٹی وی دیکھنے سے انسان وقت سے پہلے مر سکتا ہے۔ مگر ان دونوں چیزوں کے درمیان ربط ضرور پتہ چلتا ہے۔