ہمیں دشمن سے نہیں بلکہ دشمن کے اشاروں پر ناچنے والے حکمرانوں سے گلہ ہے ‘ امیر جماعت اسلامی کا منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 4 جولائی 2014 18:32

ہمیں دشمن سے نہیں بلکہ دشمن کے اشاروں پر ناچنے والے حکمرانوں سے گلہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین شدید مشکلات سے دوچارہیں ، سات لاکھ سے زائد مرد و خواتین اور بچے کھلے آسمان کے نیچے بے یارو مدد گار پڑے ہیں، آج دینے والے ہاتھ ایک وقت کا کھانا لینے کے لیے قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں او ر وہ قبائلی خواتین جو بے پردگی کے خوف سے ہسپتالوں میں علاج کے لیے نہیں جاتی تھیں، وہ آج کھلے میدانوں میں پریشان بیٹھی ہیں، پاکستانی عوام اور اہل خیر کا فرض ہے کہ وہ ان کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور اپنے ان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں ، الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرین کے لیے کیمپ قائم کر دیے ہیں جہاں سینکڑوں کارکن متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے یہ با ت جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ حکمران امریکی غلامی چھوڑ کر اللہ کی بندگی اختیار کر لیں تو پاکستان کو عالمی قوت بننے میں دیر نہیں لگے گی ۔ پاکستان کا آئین اسلامی ہے لیکن حکمران آئین سے مسلسل بے وفائی کر رہے ہیں ۔ ملکی آئین میں تمام اختیارات کا مالک اللہ تعالیٰ کو تسلیم کیاگیاہے مگر حکمرانوں نے تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لے رکھے ہیں، قرآن وسنت کی تعلیمات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔

داخلہ و خارجہ پالیسیاں امریکہ کی مرضی اور بجٹ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائے جاتے ہیں ۔ اصل انقلاب کو دھندلانے کے لیے طرح طرح کے انقلابی میدان میں آچکے ہیں مگر اب کوئی فریب ملک میں اسلامی انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتا۔ جماعت اسلامی نومبر میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ملک بھر سے لاکھوں لوگوں کو جمع کرے گی جہاں عوامی اسمبلی اور جرگہ فیصلہ کرے گا کہ ملک میں منافقانہ نظام اور مغربی جمہوریت نہیں بلکہ خلافت اور شریعت کا نظام چلے گا ۔

سراج الحق نے کہاکہ 65 سال سے ملک میں سرمایہ دارانہ نظام اور مغربی جمہوریت سمیت شخصی آمریتوں کو آزمایا جارہاہے مگر پاکستان عالمی برادری میں وہ عزت ووقار حاصل نہیں کر سکا جس کا خواب اس کے قیام کی خاطر لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے والوں نے دیکھاتھا۔انہوں نے کہاکہ معاشرہ جاگیردارروں ، سرمایہ داروں اور اسمگلروں کے نرغے میں ہے ۔ غریب پر تعلیم صحت اور روزگار کے دورازے بند ہیں ۔

وڈیرے اور جاگیردار فرعون بنے بیٹھے ہیں جتنابڑا بدمعاش ہوتاہے اسے اتنے بڑے عہدے سے نوازا جاتاہے ۔ بیرون ملک غریب پاکستانی دولت کما کر پاکستان بھیجتے ہیں اورحکمران قومی دولت لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کرواتے ہیں ، ان حالات میں ضروری ہو گیاہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑ ے ہوں ۔ سراج الحق نے کہاکہ امریکہ کا بھی بہت جلد وہی حشر ہوگا جو اس سے پہلے روس کا ہو چکاہے ۔

جب امریکہ افغانستان سے نکلے گا تو سوویت یونین کی طرح بکھر جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کا احترام کرنے کا دعوے دار امریکہ ہر جگہ مسلمانوں پر مظالم ڈھارہا ہے ، اس کے ہاتھوں عراق ، فلسطین اور افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام ہوچکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ظلم و جبر کے کیخلاف جدوجہد کرنے والوں کو غیر مہذب اور گنوار کہنے والوں نے پوری دنیا کو فساد سے بھر دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان مجاہد ہے اور ظلم و جبر اور بربریت کے خلاف یہ جہاد قیامت تک جاری رہے گا ۔ ہمیں دشمن سے نہیں بلکہ دشمن کے اشاروں پر ناچنے والے حکمرانوں سے گلہ ہے ۔ ہم حکمرانوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ امریکی غلامی چھوڑ دیں ۔

متعلقہ عنوان :