سکھر ریلوے اسٹیشن پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پردو اسٹال بند اور کئی اسٹالوں پر بھاری جرمانے عائد

جمعہ 4 جولائی 2014 18:39

سکھر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء) روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ریلوے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہونے اور بعض ٹھیکیداروں کی جانب سے من پسند طریقے سے اپنے اسٹالوں پر ایسی اشیاء خرد و نوش فروخت کرنے کا ریلوے انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کرکے دو اسٹال بند اور کئی اسٹالوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کر دیے۔ اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ ریلوے سکھر ڈویژن میں نئی انتظامیہ آنے کے بعد جہاں بعض معاملات کو خاصی حد تک درست کر دیا گیا تھا وہیں پر بعض ٹھیکیداروں نے ریلوے انتظامیہ کے نرم رویے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیلامی کے دوران حاصل کیے گئے اشیاء خرد و نوش کے اسٹالوں کے بارے میں ریلوے سے طے شدہ معاملات سے ہٹ کر من پسند انداز سے اپنی مرضی کی اشیاء فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر میڈیا کی جانب سے نشاندھی کے بعد ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور اور سکھر ریلوے انتظامیہ کے افسران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ریلوے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اسٹالوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ جس میں انہیں نیلامی کے دوران حاصل کردہ اسٹالوں پر ریلوے قواعد کے مطابق اشیاء خرد و نوش کا پابند کیا گیا ہے اور جن اسٹالوں پر ان اشیاء کی فروخت جاری تھی جن کی ریلوے نے اپنے معاہدے میں اجازت نہیں دی تھی۔

انہیں فوری طور پر ہٹانے کے علاوہ ایسے اسٹالوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں دو اسٹالوں کو بھی بند کر دیا گیا۔ جبکہ بعض اسٹالوں کے طے شدہ سائز کو بڑھانے پر ریلوے انتظامیہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھی اصل سائز پر لانے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی ایس سکھر کنور خالد خورشید کا کہنا ہے کہ ریلوے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور ایسا قدم اٹھانے والے کسی بھی شخص کو ہرگز ریاعت نہیں دی جائیگی۔

واضع رہے کہ 7 جولائی کو ایک مرتبہ پھر روہڑی ریلوے اسٹیشن پر قائم اشیاء خرد و نوش کے چند اسٹالوں کی نیلامی ہونا ہے اس موقع پر روہڑی ریلوے اسٹیشن پر اپنی کاروباری اجارہ داری قائم کرنے کے خواہش مند بڑے ٹھیکیداروں کے درمیان زور دار دنگل کا امکان ہے۔ تاہم ابھی تک ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اس نیلامی میں نئے ٹھیکیداروں کی شمولیت کے حوالے سے کوئی واضع پالیسی سامنے نہیں آسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ اگر فوری طور پر نئے وینڈنگ ٹھیکیداروں کو اس نیلامی میں حصہ لینے کی اجازت دے تو بہت سے پیٹی ٹھیکیدار اس نیلامی میں حصہ لیکر اپنے اسٹال حاصل کر سکیں گے اس طرح ریلوے کی آمدن میں بھی کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اور پیٹی ٹھیکیداروں کی بڑی تعداد جو کہ گذشتہ کئی برسوں سے اجارہ دار ٹھیکیداروں سے روزانہ کی بنیادوں پر بھاری کرائے پر اسٹال حاصل کرتے آرہے ہیں وہ اپنا اسٹال حاصل کرکے ریلوے کے ساتھ اپنے معاملات کو بہتر طریقے سے چلاکر معیاری اشیاء خرد و نوش مناسب نرخوں پر فروخت کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :