کراچی میں طالبان کی فلاحی تنظیم

جمعہ 4 جولائی 2014 23:17

کراچی میں طالبان کی فلاحی تنظیم

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی۔2014ء) انٹیلی جنس اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے قاری شکیل گروپ نے کراچی میں ایک فلاحی تنظیم بنالی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے کراچی میں کالعدم تحریک طالبان قاری شکیل گروپ نے الصافی مہمند ویلفیئر ایسوسی ایشن تشکیل دینے کا انکشاف کیا ہے۔اس حوالے سے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ارسال کی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان قاری شکیل گروپ کے علاقائی امیر تصور کیے جانے والے سجاد عرف چھوٹو نے فلاحی تنظیم کا سٹرکچر بنایا ہے جب کہ اسی کی ہدایت پر کالعدم تنظیم کے عبدالرحمان عرف لمبا اور محمدعرف گلو فلاحی تنظیم کیلئے رقم، بھتہ اور دیگر طریقوں سے رقم اکھٹی کرتےہیں۔

رپورٹ کے مطابق سجاد عرف چھوٹو نے الصافی ویلفیئر کے مختلف عہدیدار مقرر کیے ہیں، جن میں قدیم شاہ مہمند صدر، حاجی نورجہاں مہمند نائب صدر،حاجی امین خان مہمند جنرل سیکریٹری، حمید مہمند ڈپٹی جنرل سیکریٹری، اورنگزیب مہمند فنانس سیکریٹری اور عبدالمنان مہمند آفس سیکریٹری ہیں۔

(جاری ہے)

تنظیم کے سٹرکچر میں اس ایک کا وکلاء بھی ونگ ہوگا جو ٹی ٹی پی کے گرفتار اراکین کو قانونی مدد فراہم کرے گا۔سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انہیں طالبان کی بنائی گئی فلاحی تنظیم کا علم نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق اس فلاحی تنظیم کے نام پر ہر ماہ لاکھوں روپے وصول کیے جارہے ہیں اور اس کے اراکین کی تعداد دو سو سے زائد ہے۔

متعلقہ عنوان :