نائیجیریا: 60 سے زائد لڑکیاں بوکو حرام کی قید سے فرار

پیر 7 جولائی 2014 13:53

نائیجیریا: 60 سے زائد لڑکیاں بوکو حرام کی قید سے فرار

میدوگوری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) نائیجیریا کے شمال مشرق میں ایک شدت پسند گروپ بوکو حرام کی قید سے 60 سے زائد لڑکیوں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ہیں جنہیں گزشتہ مہینے اغوا کیا گیا تھا۔

تاہم، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بھی تقریبا 200 سے زائد لڑکیاں شدت پسندوں کی قید میں ہیں۔مقامی سیکیورٹی اہلکار کہنا تھا کہ انہیں ہفتے کے روز یہ اطلاع ملی تھی کہ تقریبا 63 مغوی خواتین اور لڑکیاں واپس اپنے گھر چلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)



میدوگوری میں اعلیٰ سیکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان لڑکیوں کے شدت پسندوں کی قید فرار ہونے کی خبر کی تصدیق تصدیق کی ہے۔ سیکیورٹی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ان خواتین و لڑکیوں نے اس وقت فرار ہونے کی کوشش کی جب شدت پسند جنگ کے لیے گئے ہوئے تھے۔

اسی دوران ہفتے کے روز ریاست بورنو کے ضلع دمبوآ میں شدت پسندوں اور فوج کے درمیان ایک تصادم ہوا جس میں 53 شدت پسند ہلاک اور فورسز کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر اس وقت حملہ کیا جب اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد دیہاتوں میں گشت پر تھی۔

فوجی ترجمان اور حکومت کی جانب سے اب تک اس نئی پیش رفت پر کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔