سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں سے غریبوں کو سبسڈی دینے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں

پیر 7 جولائی 2014 16:49

سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں سے غریبوں کو سبسڈی دینے سے متعلق تفصیلات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چاروں صوبوں سے غریبوں کو سبسڈی دینے سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ جسٹس جوادایس خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اناج میں خود کفیل ہے  اس کے باوجود لوگ بھوک سے مررہے ہیں۔پیر کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت کو بتایا گیاکہ پنجاب میں دوکروڑ، کے پی کے میں اکاون لاکھ اورسندھ میں ڈیڑھ کروڑ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گذاررہے ہیں۔سیکرٹری فوڈ پنجاب محمد اسلم نے بتایا کہ پنجاب حکومت سوشل ویلفئیر اتھارٹی بنارہی ہے جوخوراک ،تعلیم اور صحت سے متعلق کام کرے گی جس پرجسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ قانون ،اتھارٹیاں اور کمیٹیاں بنا دینے سے لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ کے ڈائریکٹر فوڈسیکورٹی محمد انور نے بتایا کہ ہم غریبوں کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے واوٴچر سسٹم متعارف کروارہے ہیں۔ جسٹس جواد نے کہا کہ پاکستان اناج میں خود کفیل ہے لیکن اس کے باوجود لوگ بھوک سے مررہے ہیں۔سیکرٹری فوڈ سندھ سعید اعوان نے بتایا کہ سندھ کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نیچوالیس ملین روپے سبسڈی کے لئے مختص کئے ہیں۔ عدالت نے چاروں صوبوں سے غریبوں کو سبسڈی دینے سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت (آج) منگل تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :