موجودہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دیتی ہے،ممنون حسین

پیر 7 جولائی 2014 17:11

موجودہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دیتی ہے،ممنون ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ملک کی بڑی یونیورسٹیوں اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام شعبوں میں تعلیم اور تحقیق میں اعلیٰ تعلیمی معیار قائم کریں تاکہ علم کی بنیاد پر ملک میں معیشت کی ضروریات پوری اور سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دیاجاسکے ۔

صدر مملکت غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ، منصوبہ بندی کمیشن کے ممبر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد یحییٰ خواجہ اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کی طرف سے صدر جی آئی کے آئی انجینئر شمس الملک ، ممبر بورڈ آف گورنرز خواجہ ظہیر احمد ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سوپراسٹ شکیل درانی اور ریکٹر جہانگیر بشر موجود تھے ۔ انتظامیہ کی طرف سے صدر کو انسٹی ٹیوٹ کے مقاصد ۔ تحقیقی سرگرمیوں اور بین الاقوامی رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا صدر کو بتایا گیا ہے کہ ایچ ای سی نے نجی شعبہ میں اس ادارے کو تیسرا نمبر دیا ہے ۔

ادارے کے طالبعلموں کی تعداد جو 2008ء میں 280تھی آج 420تک پہنچ چکی ہے جبکہ اب تک 38ہزار طلبہ فارغ ہوچکے ہیں جن میں 280نے ایم ایس اور 54نے پی ا یچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں ۔صدر کو بتایا گیا کہ ادارے نے موبی لنک رائزنگ سٹار مقابلہ 2014ء بھی جیتا ہے اور اس کے طلبہ نے مائیکرو سافٹ امیجنگ کپ 2014ء کے فائنل میں پہنچے ہیں ۔ صدر کی پریس سیکرٹری صبا محسن رضا کے مطابق صدر نے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کیلئے اس سال ریکارڈ 60.369ارب روپے رکھے ہیں اور حکومت تعلیم کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرے گی تاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کیاجاسکے ۔

صدر نے ادارے کو صنعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ار مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیاجاسکے ۔ انہوں نے بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں سے رابطے بہتر بنانے پر بھی زور دیا جس سے عالمی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی اور تجربات کا تبادلہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا انحصار سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت پر ہے ۔ صدر نے انسٹی ٹیوٹ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔(ر ا ش د/ملک سعید)

متعلقہ عنوان :