شکیب الحسن پر چھ ماہ کی پابندی عائد

پیر 7 جولائی 2014 22:39

شکیب الحسن پر چھ ماہ کی پابندی عائد

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی۔2014ء)بنگلہ دیشی کرکٹ حکام نے پیر کے روز اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن پر بین الاقوامی کرکٹ سے چھ ماہ کے لیے پابندی عائد کردی جبکہ ان کے 2015 کے اختتام تک تمام این او سیز بھی معطل کردیے گئے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے رویے کی وجہ سے ایسا کیا گیا جو کہ بنگلہ دیشی کرکٹ میں غیر معمولی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے رویے کے باعث ٹیم پر برے اثرات مرتب ہورہے جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ستائیس سالہ شکیب کو معطل کرنے کا فیصلہ متفطہ تھا اور وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ میں آئندہ چھ ماہ کے لیے حصہ نہیں لے سکیں گے۔یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب رپورٹس کے مطابق شکیب کو کریبیئن پریمئیر لیگ سے واپس بلالیا گیا جس پر انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی دھمکی دے دی۔

بی سی بی چیئرمین نے کہا کہ شکیب بورڈ کی کلیئرنس کے بغیر کیریبیئن سفر کررہے تھے اور انہوں نے کوچ سے بھی بدتمیزی کی جس پر انہوں نے بعد میں معافی بھی مانگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم صاف طور پر بتانا چاہتے ہیں کہ اگر ایسا دوبارہ ہوا تو ان پر زندگی بھر کے لیے پابندی عائد کی جاسکتی ہے اور ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔