قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2014 14:18

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کی وزیر خزانہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں ٹیکس امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کپتان مصباح الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر کو ہدایت جاری کی جائے کہ قومی کرکٹرز سے گزشتہ چار سال کے ٹیکس واجبات 10 فیصد فلیٹ ریٹ پر وصول کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور آرکیٹیکٹرز سمیت دیگر پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد ساری زندگی کمائی کرتے ہیں جبکہ کرکٹر صرف پانچ چھ سال بین الاقوامی کرکٹ کھیل کر پیسہ کماتا ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد آمدنی کا کوئی معقول زریعہ بھی نہیں ہوتا۔ کھلاڑیوں کو پروفیشنلز کیٹگری میں شامل نہ کیا جائے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کھلاڑیوں کے جائز تحفظات دور کیئے جائیں گے تاکہ وہ پیشہ وارانہ زمہ داریوں پر توجہ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دینا ہماری قومی زمہ داری ہے۔ چیئرمین ایف بی آر طارق باجودہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ -