مصرنے غزہ میں محصور زخمیوں کے لیے رفح کراسنگ کھول دی

جمعرات 10 جولائی 2014 18:17

مصرنے غزہ میں محصور زخمیوں کے لیے رفح کراسنگ کھول دی

قاہرہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) مصرنے غزہ کو مصر سے ملانے والی رفح سرحدی راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو علاج کی غرض سے مصر منتقل کیا جا سکے۔مصری سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ اور اسرائیل سے متصل مصری علاقے شمالی سینا کے تمام ہسپتالوں کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ وہاں فلسطینی شہریوں کا چوبیس گھنٹے علاج ممکن بنایا جا سکے۔

رفح کراسنگ عام طور پر بند رکھی جاتی ہے کیوں کہ مصری حکام کا کہنا تھا کہ کراسنگ کے کھلے رہنے کی وجہ سے سینا کے علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال متاثر ہوتی ہے۔ مصری فوج سینا کے علاقے میں اسلام پسند مسلح گروپوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔یاد رہے رفح کراسنگ غزہ کا باہر کی دنیا سے واحد رابطہ ہے کیوں کہ اس کے علاوہ باقی تمام سرحدی راہداریاں اسرائیلی قبضے میں ہیں جبکہ اس کے علاوہ اسرائیلی بحریہ نے سمندری حدود میں بھی تین ناٹیکل میل کا پہرہ لگا رکھا ہے اور کسی فلسطینی کشتی کو اس پہرے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میڈیکل ذرائع کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق غزہ کے خلاف منگل کے روز سے شروع کئے جانے والے اسرائیل کے 'دفاعی کنارہ آپریشن' میں 11 خواتین اور 18 بچے سمیت 70 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :