اسرائیل کی بربریت چوتھے روز بھی جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 90 سے تجاوز کر گئی

جمعہ 11 جولائی 2014 11:22

اسرائیل کی بربریت چوتھے روز بھی جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 90 سے ..

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) صیہونی فورسز کی مقبوضہ غزہ کی پٹی میں بربریت چوتھے روز بھی جاری ہے اور اسرائیلی جیٹ طیاروں کی تازہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد شہید جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے تازہ ترین کارروائی میں جیٹ طیاروں کی مدد سے غزہ سٹی پر بمباری کی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد شہید جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 4 روز سے جاری بمباری میں 98 نہتے فلسطینی شہید جب کہ 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فریقین سے جنگ بندی کی اپیل کی اور عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ غزہ میں تشدد کو رکوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔ جب کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے جنگ بندی کی کوششوں کے لیے وزارتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ اسرائیل معصوم بچوں پر بمباری کر کے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر اب تک تقریبا 450 مقامات پر 800 سے زائد بم فائر کئے جا چکے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر سیکڑوں ٹینکس تعینات کر دیئے ہیں اور 20 ہزارروزرو فوجیوں کو بھی طلب کر لیا ہے۔

واصح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ روز بھی شمالی غزہ کے علاقے خان یونس میں بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد شہید جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :