برازیل تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر آنسو پونچھنے کا خواہاں

جمعہ 11 جولائی 2014 12:36

برازیل تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر آنسو پونچھنے کا خواہاں

ٹیریسوپولس / برازیل: برازیل تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کچھ آنسو پونچھنے کا خواہاں ہے، دوسری جانب کوچ اسکولری نے ورلڈ کپ کے اختتام تک مستقبل کا فیصلہ کرنے سے انکارکردیا۔ انھوں نے کہا کہ ہفتے کو تیسری پوزیشن کا میچ ہونے کے بعد اس بارے میں سوچوں گا۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کو سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں1-7 کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، اب اس کا تیسری پوزیشن کیلیے ہفتے کو نیدرلینڈز سے مقابلہ ہو گا، ٹیم وہ میچ جیت کر کچھ آنسو پونچھنے کی خواہاں ہے، دوسری جانب شکست کے بعد کوچ سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، مگر اسکولری نے کہاکہ میں ہفتے کا میچ ہونے کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ گا۔

انھوں نے کہا کہ ابھی ہمارا کام باقی ہے، ہم نے برازیلین فٹبال کنفیڈریشن سے ورلڈ کپ کے اختتام تک ایک عہد کر رکھا ہے، ہمارے لیے ایونٹ ہفتے کو ختم ہورہا ہے ، اس کے بعد سی بی ایف کی ہدایات پر عمل اور فیصلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

دسمبر 2012 میں کوچ کا عہدہ سنبھالنے والے اسکولری نے برازیل کی کارکردگی میں مثبت بہتری لانے کی کوشش کی،انھوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم 2002 کے بعد سیمی فائنل میں پہنچے، ہماری مجموعی کارکردگی بُری نہیں تھی ، ہم نے میچز جیتے اور ہارے ، اچھے اور بُرے لمحات آئے، لوگوں کوآخری میچ میں ہار پر دکھ اور شرمندگی ہے لیکن زندگی کا سفر جاری رہتا ہے ، ہم اب دیگر اہداف کی طرف نظریں جمائیں گے، جس کا آغاز ہفتے کو تیسری پوزیشن کا حصول ہے۔

برازیلین کوچ نے اپنے پلیئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ڈیڑھ سال کے دوران ہم نے 28 میں سے 19 میچز جیتے ، 6 ڈرا کیے اور 3 میں ناکامی کا سامنا کیا ، آفیشل گیمز میں ہم 8 جیتے، 2 ڈرا کیے اور صرف ایک مقابلہ ہارے ۔ یاد رہے کہ بیلو ہوریزینٹ میں منگل کی شکست کے بعد اسکولری کو زبردست تنقید کا سامنا ہے، برازیل کے2002 ورلڈ کپ فاتح کوچ نے کہاکہ اسکواڈ کو اپنی فتوحات دیکھتے ہوئے مزید بہتری کی ضرورت ہے،پلیئرز کو جرمنی کی طرح بتدریج ترقی کرنا ہوگی،ان کی ٹیم اب فائنل میں پہنچ چکی ہے۔