فیکٹری ریسیٹ فون سے بھی برہنہ سیلفیز نکالی جا سکتی ہیں،چیک ریپبلک سکیورٹی کمپنی

ہفتہ 12 جولائی 2014 15:56

فیکٹری ریسیٹ فون سے بھی برہنہ سیلفیز نکالی جا سکتی ہیں،چیک ریپبلک سکیورٹی ..

پراگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جولائی 2014ء)چیک ریپبلک کی ایک سکیورٹی کمپنی نے ’فیکٹری ریسیٹ‘ یعنی مکمل طور پر غیر استعمال شدہ حالت میں لائے گئے فونز میں سے بھی لوگوں کی ذاتی تصاویر نکالی ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تصاویر میں برہنہ سیلفیز (صارفین کی اپنی تصاویر) بھی شامل ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایسواسٹ نامی اس کمپنی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس کام کے لیے صرف وہ فورینزک ٹولز استعمال کی ہیں جو عام مارکیٹ میں میسر ہیں۔

اس کام کے لیے انھوں نے ای بے سے پرانے فونز خریدے۔تصاویر کے علاوہ کمپنی ای میل، ٹیکسٹ پیغامات اور گوگل کی سرچز بھی نکالی لی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے ڈیٹا کو مکمل طور پر محفوظ رکھنے کا واحد طریقہ اپنے پرانے فون کو تباہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

بیشتر سمارٹ فونز میں فیکٹری ریسیٹ کی آپشن ہوتی ہے جس کا مقصد فون کو مکمل طور پر صاف کر دینا اور اسے ایسا بنا دینا ہوتا ہے جیسا کہ وہ فیکٹری سے نکلتے وقت تھا۔

تاہم ایسواسٹ نے دریافت کیا ہے کہ کچھ پرانے سمارٹ فونز میں اس آپشن سے فون میں موجود فائلز کی انڈیکس غائب ہو جاتی ہے مگر ڈیٹا وہیں رہتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ مارکیٹ میں آسانی سے میسر سافٹ ویئر کی مدد سے تصاویر، ای میلز ٹیکسٹ پیغامات اور دیگر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ 20 فونز سے نکالی گئی 40،000 تصاویر میں سے 750 میں خواتین کو کپڑے اتارنے کے مختلف مراحل میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ 250 میں مرد حضرات برہنہ حالت میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ 1500 فیملی فوٹوز، ایک ہزار گوگل سرچز، 750 ای میل اور 250 کانٹیکٹ انفارمیشن بھی نکالے گئے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ آپ کو اپنے اینڈروئڈ فون کو فروخت کرتے وقت صرف ڈیٹا ڈلیٹ کرنا کافی نہیں بلکہ آپ کو اپنی فائلز کے اوپر کچھ دیگر فائلز لگانا ہوں گی تاکہ وہ مکمل طور پر تباہ ہو جائیں۔کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کیا تمام 20 فونز سے معلومات حاصل کی گئیں یا نہیں۔