بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اللہ کی مدد کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

پیر 14 جولائی 2014 13:51

بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اللہ کی مدد کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2014ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سارے کام اللہ کی مد سے ہی چل رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اللہ کی مدد سے ہی سارے کام چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے پہلے 10 سے 11 روزے بالکل ٹھیک گرزے لیکن گزشتہ 3 روز سے موسم شدید گرم اور خشک ہونے کے باعث بجلی کی طلب میں اضافے ہونے کے باعث بہت سے فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے، اگر موسم اسی طرح گرم اور خشک رہا تو ہمیں اس قسم کی صورت حال کا مزید سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے لئے عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو ایک سال ملا اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اگلے 3 سے 4 برس کے دوران 6 سے 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کی جائے تاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنا کر لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت بجلی کی رسد 13 ہزار اور طلب 19 ہزار میگاواٹ ہے، لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ہمیں بجلی کی چوری اورلائن لاسز کو ختم کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ موسم شدید گرم ہونے کی وجہ سے حب کو ٹو اینڈ تھری 600 میگا واٹ سسٹم، اورینٹ کمپلیکس 198 میگا واٹ، لبرٹی کمپلکس 178 میگا واٹ، دبیر خواڑ 129 میگا واٹ، الائی خواڑ 121 میگا واٹ، ہالمور جی ٹی ٹو 90 میگا واٹ، اے جی ایل یونٹ ون، ٹو اور ٹین 60 میگا واٹ اور نوشاد پاور 6 اور بارہ 30 میگا واٹ سسٹم سے عارضی طور پر چلے گئے تھے لیکن گزشتہ روز ہی ان کو بحال کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :