آصف کو شفیلڈ اکیڈمی میں ٹریننگ کا موقع میسر آگیا

پیر 14 جولائی 2014 13:56

آصف کو شفیلڈ اکیڈمی میں ٹریننگ کا موقع میسر آگیا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2014ء) انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن نے محمد آصف کی پروفیشنل ٹریننگ میں مدد کی حامی بھر لی، سابق امیچر ورلڈ چیمپئن شفیلڈ اکیڈمی میں ٹریننگ کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے چیئرمین جم لیسی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ انگلینڈ کے شہر شفیلڈ میں ٹاپ امیچر کیوئیسٹ کیلیے ایک اکیڈمی قائم کی جارہی ہے، پروفیشنل اسنوکر لیگ تک رسائی کیلیے ٹریننگ خاصی مہنگی ثابت ہوتی ہے،امیچرز کو اگلے درجے تک لیجانے کیلیے آئی بی ایس ایف ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کیساتھ معاملات طے کررہی ہے، اکیڈمی میں پلیئرز کو ٹریننگ اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے کیلیے سبسڈی دے گی، شاندار ریکارڈ میں حامل سابق چیمپئن محمد آصف بھی اس پروگرام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا پروفیشنل کیریئر مضبوط بنیادوں پر استوار کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2012میں عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستانی اسٹار مسلسل اس نوعیت کی ٹریننگ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیںلیکن مالی وسائل کی کمی آڑے آنے پر ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا۔ دوسری طرف جم لیسی نے آئندہ ماہ ایشین چیمپئن شپ کی میزبانی کیلیے تیار پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن پر بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ سال ایک انٹرنیشنل ایونٹ کے دوران کراچی آنے والے آئی بی ایس ایف کے چیئرمین نے کہا کہ ایک بار پھر پاکستان آنا چاہتا ہوں،انھوں نے کہا کہ اپنے پہلے دورہ سے بڑا لطف اندوز ہوا اور خواشگوار یادوں کیساتھ وطن واپس گیا تھا، اس بار اگست میں ایونٹ کے دوران آنے کا پروگرام بنارہا ہوں۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ ایشین چیمپئن شپ میں 15ملک شریک ہونگے،انھوں نے بتایا کہ 7روزہ انٹرنیشنل ایونٹ میں8کے قریب پاکستانی کیوئسٹ اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائیں گے۔