امریکی لڑکی افریقی شہزادی بن گئی،ایملی کے والد نے شمالی سوڈان کو نئی مملکت قرار دے دیا

منگل 15 جولائی 2014 21:09

امریکی لڑکی افریقی شہزادی بن گئی،ایملی کے والد نے شمالی سوڈان کو نئی ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء)امریکا کا دنیا پر بادشاہت کا خواب تو نئی بات نہیں ہے لیکن ایک امریکی شہری کا محض اپنی بیٹی کو شہزادی بنانے کے لیے دور کی کوڑی لانا کہ وہ کہ وہ خود اب تک ایک بے مالک افریقی ریاست کا بادشاہ ہوگا اور اس کی بیٹی اس ملک کی شہزادی کہلائے گی یہ بہر حال ایک نئی بات ہے۔اس کا کہنا ہے کہ مصر اور سوڈان کے درمیان ایک ایسے زمینی ٹکڑے موجود ہے جس کا کوئی دعویدار نہیں ہے۔

جیرمیح ہیٹن نامی اس امریکی کا ورجینیا سے تعلق ہے۔ اس خطہ زمین کو بیر تاول کا نام دیا گیا ہے۔خیال ہے کہ بیر تاول دنیا کا ایسا خطہ ہے جو ابھی تک کسی کے دعوی ملکیت میں نہیں آسکا ہے۔ اسی لیے ہیٹن نے اسے اپنی بیٹی کے لیے منتخب کیا ہے کہ وہ اس خطے کی بنیاد پر شہزادی کہلائے گی۔

(جاری ہے)

ہیٹن کا کہنا ہے '' مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میں اپنی بیٹی کی اس خواہش کو کیسے پورا کر سکتا ہوں لیکن جب مجھے اس خطے کا علم ہوا تو گویا مجھے ایک راستہ مل گیا۔

ایک تخمینے کے مطابق یہ خطہ 800 مربع میل پر مشتمل ہے اور اس علاقے میں زمینی تنازعے نہ ہونے کی وجہ سے بے مالک ہے۔اب تک کچھ اور لوگوں نے بھی آن لائن اس خطہ اراضی پر ملکیت کا دعوی کیا ہے لیکن ہیٹن کا کہنا ہے کہ وہ چونکہ اس جگہ پہنچ کر جھنڈا گاڑ چکا ہے۔اس لیے اس کا حق زیادہ ہے۔ امریکی شہری ہیٹن کو اس قطعہ اراضی پر پہنچنے کے لیے کراوان سے 14 گھنتے لگے اب اس کے بچوں نے اس جگہ کا نام مملکت شمالی سوڈان رکھ دیا ہے۔

ہیٹن کا کہنا ہے ''میں اپنے بچوں کو یہ باور کرانا چاہتا ہوں میں ان کے خواب پورے کرنے کے لیے دنیا کا گوشہ گوشہ گھوم سکتا ہوں۔ '' نومولود '' شمالی سوڈان سے واپسی پر اس نے اپنی بیٹی کو ایک تاج پہنایا اور سب گھر والوں سے کہا میری بیٹی کو اب شہزادی کے نام سے مخاطب کیا جائے۔اب ہیٹن کی بیٹی ہر جگہ یہ تاج پہن کر جاتی ہے ۔ شہزادی ایملی کا کہنا ہے کہ تاج اسے ٹھنڈک کا احساس دیتا ہے۔

اس نئی شہزادی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بطور شہزادی اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقے کے ہر بچے کے لیے خواک یقینی بنائے۔''ہیٹن اپنی مملکت کے مصر اور سوڈان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ اور شمالی سوڈان کو ایک زرعی ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔شہزادی ایملی کا خیال ہے کہ اس کے دعوے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ جبکہ اس کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ اپنے وعدے پورے کرے گا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہیٹن کے دوسرے دو بچے بھی شہزادے کہلا سکیں گے یا نہیں۔