قیادت کے پیچھے بھاگنے کا تاثر غلط ہے، شاہد آفریدی

بدھ 16 جولائی 2014 12:15

قیادت کے پیچھے بھاگنے کا تاثر غلط ہے، شاہد آفریدی

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2014ء) شاہد آفریدی نے قیادت کے پیچھے بھاگنے کے تاثر کو ایک بار پھرغلط قرار دیا ہے، ان کے مطابق ورلڈکپ 2011 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کیریئر کا سب سے بڑا صدمہ تھی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت اعزاز کی بات ہے لیکن اس کا یہ مقصد نہیں کہ میں اسکے پیچھے بھاگ رہا ہوں،مصباح الحق سمیت جو بھی کپتان ہوگااسے میری بھرپور سپورٹ حاصل ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ موہالی میں بھارت کیخلاف ورلڈ کپ2011 کے سیمی فائنل میں شکست کا غم اب تک نہیں بھلا پایا، میری قیادت میں ٹیم ٹائٹل کے انتہائی قریب آچکی تھی مگر خالی ہاتھ رہ گئی، اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئندہ سال شیڈول میگا ایونٹ ہمارے لیے ایک بڑا موقع ہے جس کا فائدہ اٹھانے کیلیے بلند عزائم کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آفریدی نے کہا کہ میگا ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس کیلیے بیحد بے تاب اور چند ماہ تک تیاریوں پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتا ہوں،انھوں نے کہا کہ فطری طور پر جارحانہ انداز میں کھیلنے پر تنقید بھی ہوتی ہے لیکن اپنا اسٹائل برقرار رکھنے پر خوش ہوں، ایشیا کپ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی میں نے کچھ مختلف نہیں کیا، صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی اور بروقت اسٹروکس ٹیم کے کام آگئے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی جائوں واپسی پر سب سے بڑی خوشی بیٹیوں کو دیکھ کر حاصل ہوتی اور ان سے ملتے ہی سفر کی ساری تھکان دور ہوجاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ تیز گاڑی چلانے کیلیے ایکسیلیٹر دبانے میں چھکے لگانے جیسا ہی لطف آتا ہے لیکن ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔ یاد رہے کہ آفریدی اب اسپتالوں کی چین بنانے کیلیے سرگرم ہوچکے ہیں، گذشتہ دنوں انھوں نے اپنے گائوں تنگی بانڈا میں پہلا اسپتال بنوایا ہے۔