Live Updates

عمران خان کا لانگ مارچ آئین کے خلاف ہے‘ رانا مشہود احمد

بدھ 16 جولائی 2014 20:45

عمران خان کا لانگ مارچ آئین کے خلاف ہے‘ رانا مشہود احمد

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 16جولائی 2014ء ) صوبائی وزیر قانون و کھیل پنجاب رانا مشہود علی خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ماورائے آئین ہے اور اس سے ملک میں انتشار اور انارکی جنم لے گی اور موجودہ حالات میں ملک ایسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا،آئین میں اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ موجود ہے جس کے ذریعے آئین میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے،صوبائی وزیر قانون رانا مشہو داحمد خاں نے چوہدری شجاعت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اقتدار کی ہوس میں چوہدری برادران کبھی طاہر القادری اور کبھی عمران خان کا سہارا لیتے ہیں ۔

وہ دراصل ن لیگ کے ترقیاتی ایجنڈے سے بری طرح خوفزدہ ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ عوام کو احتجاج کا لانگ مارچ نہیں ترقی اور خوشحالی کا لانگ مارچ چاہیے۔ انقلاب کی باتیں کرنے والے بہت جلد شرمندہ اور مایوس ہوں گے - عوام 14 اگست کو منفی سیاست کرنے والوں کو بری طرح مسترد کردیں گے ۔

(جاری ہے)

عوام کے مسترد شدہ لوگ کروڑوں ووٹروں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں کرسکتے ۔

قبل ازیں سرکٹ ہاؤس ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی الیکشن ریفارمز کے حق میں ہے اور اس مقصد کے لئے وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے لیکن ایک سیاسی جماعت سڑکوں پر دھرنوں کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے جو خلاف آئین و غیر قانونی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے عدلیہ کی بحالی کے لئے جو لانگ مارچ کیا تھا وہ دراصل آئین کی بحالی کا مارچ تھا مگر ایک آمر نے آئین کو معطل کر کے ججز کو گھر میں نظر بند کردیا تھا جب کہ عمران خان کا لانگ مارچ آئین کے خلاف ہے ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے حواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے انکوائری کو شفاف بنانے کے لئے انتہائی قریبی ساتھی سے وزارت واپس لے لی ہے جس نے ماضی میں جمہوریت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس واقعے کی مکمل انکوائری ہوگی اور مجرموں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ مشرف کیس کے بارے میں حکومت عدالت کے فیصلے پر عمل کرے گی ۔صوبائی وزیر نے چار حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے سابق صدر آصف زرداری کے بیان کے بارے میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں کہا کہ جمہوریت میں ہر فرد کو اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔ سابق دورِحکومت میں کرپشن کیسز کی انکوائری جاری ہے اور مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :