وزیراعظم کا دورہ جی ایچ کیو، ضرب عضب کی کامیابیوں پرمسلح افواج کو خراج تحسین

جمعرات 17 جولائی 2014 15:01

وزیراعظم کا دورہ جی ایچ کیو، ضرب عضب کی کامیابیوں پرمسلح افواج کو خراج ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف جنرل ہیڈ کوارٹرز رالپنڈی پہنچے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا، پاک فوج کے جوانوں نے وزیر اعظم کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

دورہ جی ایچ کیو کے دوران وزیراعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے وزیر اعظم کو آپریشن ضرب عضب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔