5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی غزہ پر پھر بمباری، شہادتوں کی تعداد 230 ہوگئی

جمعرات 17 جولائی 2014 15:04

5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی غزہ پر پھر بمباری، شہادتوں کی تعداد ..

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2014ء) اسرائیل نے 5 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی ختم کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر غزہ پر بمباری شروع کردی جس کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ 10 روز سے جاری بربریت کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 230 ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ٹٰینکوں نے غزہ کی جانب پش قدمی کرتے ہوئے محصورین پر ایک مرتبہ پھر گولا باری شروع کردی، گزشتہ رات صیہونی فوج کی جانب سے یونس خان، رفع اور دیر البالا میں گولے برسائے گئے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اقوام متحدہ کی درخواست پر 5 گھنٹے کی جنگ بندی کے بعد صیہونی فوج نے ایک مرتبہ پھررفع میں گولے برسا کر مزید 3 نہتے فلسطینیوں کی جان لے لی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل صیہونی فوج نے سمندر کنارے کھیلنے والے بچوں کو بھی نہ بخشا اورتوپ کا گولہ مار کر سمندر کنارے کھیلنے والے 4 معصوم بچوں کوشہید کردیا جبکہ اسرائیل کی بربریت کا جواب دیتے ہوئے حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی حدود میں راکٹ فائر کئے گئے جس میں گزشتہ 10 روز سے جاری لڑائی کے دوران ایک یہودی ہلاک ہوا۔

واضح رہے کہ 8 جولائی سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 230 اور 1690 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ فلسطین میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران شہید ہونے والوں میں 80 فیصد تعداد عام شہریوں کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :