سانحہ ماڈل ٹاؤن: ایک ماہ گزر گیا ایف آئی آر نہ شہباز شریف کا استعفیٰ: چودھری پرویزالٰہی

جمعرات 17 جولائی 2014 20:14

سانحہ ماڈل ٹاؤن: ایک ماہ گزر گیا ایف آئی آر نہ شہباز شریف کا استعفیٰ: ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پورا ایک مہینہ ہو گیا ہے لیکن ابھی تک پولیس نے اس کی ایف آئی آر درج کی ہے نہ شہباز شریف کا استعفیٰ آیا ہے اور نہ ہی ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ نے اس کا از خود نوٹس لیا ہے، مظلوم اور پریشان حال لواحقین انصاف کیلئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے معاملہ دبانے کی کوشش اس لیے کی جا رہی ہے کہ اس سانحہ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف خود ملوث ہیں اور انہی کے حکم پر بے گناہ افراد کو خون میں نہلایا گیا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اپنے اعلامیہ میں متفقہ طور پر کہا تھا کہ جب تک وزیراعلیٰ شہباز شریف اپنے عہدہ سے مستعفی نہیں ہو جاتے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی منصفانہ انکوائری نہیں ہو سکتی کیونکہ ان کی موجودگی میں کوئی سرکاری اہلکار ان کے خلاف گواہی دینے کی جرأت نہیں کرے گا لیکن آج پورا ایک مہینہ ہو گیا ہے شہباز شریف نہایت دیدہ دلیری کے ساتھ اپنے عہدے سے چمٹے ہوئے ہیں، شہباز شریف جانتے ہیں کہ جیسے ہی وہ حکومت سے الگ ہوں گے سرکاری اہلکار سارے ثبوت لے کر خود ہی عدالتوں کے سامنے پیش کر دیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دبانے میں کامیاب ہو جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انشاء اللہ بہت جلد قوم کو ان سفاک حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :