کراچی اسٹاک ایکس چینج ،100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 30ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ،سرمایہ کاری مالیت میں77ارب14کروڑروپے سے زائد کا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر400.94پوائنٹس اضافے سے 30177.11پوائنٹس پر بندہوا

جمعرات 17 جولائی 2014 21:14

کراچی اسٹاک ایکس چینج ،100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 30ہزار پوائنٹس ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل جاری ۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اوراورکے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 30 ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں77ارب14کروڑروپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت82.85فیصد زائد جبکہ 63.32فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاؤسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ ،بینکنگ اور پیٹرولیم سکیٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 30204پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ماہرین اسٹاک کے مطابقبین الاقوامی سرمایہ کاروں کو خدمات فراہم کرنے والے عالمی ادارے موڈیز کی جانب سے پاکستان کے 5 بینکوں کی ریٹنگ میں بہتری کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 400.94پوائنٹس اضافے سے 30177.11پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور349کمپنیوں کے حصص کا کاروبارہوا،جن میں سے 221کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،96کمپنیوں کے بھاؤ میں کمی جبکہ32کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں77ارب14کروڑ43لاکھ91ہزار 420 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 70کھرب72ارب43کروڑ32لاکھ13ہزار810روپے ہوگئی۔

جمعرات کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں20کروڑ62لاکھ62ہزار110شیئرزرہیں جو بدھ کے مقابلے میں 9کروڑ34لاکھ61ہزار900شیئرززائد ہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 40.75روپے اضافے سے898.75روپے اور نیشنل فوڈز کے حصص کی قیمت 35.12روپے اضافے سے778.43روپے بندہوئی۔ نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت150.00روپے کمی سے 8000.00روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 149.53روپے کمی سے 3870.51پربندہوئی ۔

جمعرات کو فوجی سیمنٹ کی سرگرمیاں2کروڑ 3لاکھ2ہزار500شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرزکی قیمت 1.1روپے اضافے سے 21.21روپے جبکہ کے الیکٹرک کی سرگرمیاں ایک کروڑ82لاکھ60ہزار 500شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبرپررہیں،جس کے شیئرزکی قیمت 27پیسے اضافے سے7.77روپے پربندہوئی۔جمعرات کو کے ایس ای 30انڈیکس315.86 پوائنٹس اضافے سے 20970.26پوائنٹس، کے ایم آئی 30انڈیکس743.12پوائنٹس اضافے سے 48960.21پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 240.32پوائنٹس اضافے سے 22129.29پوائنٹس پر بندہوا۔

متعلقہ عنوان :