مودی حکومت کیساتھ تعلقات بحالی کیلئے امریکی کابینہ آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ کریگی

جمعہ 18 جولائی 2014 12:52

مودی حکومت کیساتھ تعلقات بحالی کیلئے امریکی کابینہ آئندہ ہفتے بھارت ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں اْس کی کابینہ کا ایک وفد بھارت کا دورہ کریگا جس کا مقصد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ تعلقات کی بحالی ہوگا۔ مودی کے ساتھ امریکا نے کبھی سرد مہری کا رویہ اختیار کیا تھا۔ واشنگٹن حکام کی طرف سے امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو دی جانے والی اطلاعات کے مطابق نریندرمودی پہلے ہی ستمبر میں امریکا کا دورہ کرنے کا اعلان کر چْکے ہیں تاہم اْن کے دورے سے قبل ہی امریکی وزیر خارجہ جان کیری 31 جولائی کو جبکہ وزیر دفاع چیک ہیگل اگست کے شروع میں بھارتی حکام سے ملاقات کی غرض سے نئی دہلی پہنچیں گے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں جنوبی ایشیائی امور کی نائب سکریٹری نیشا بسوال نے اس بارے میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا،" ہم یقین و اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہم مودی حکومت کے ساتھ مضبوط باہمی تعاون اور شراکت کے ساتھ اپنے اقتصادی اور اسٹریٹیجک تعلقات کو فروغ دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

2002 ء میں بھارتی ریاست گجرات میں ہونے والے مذہبی فسادات، جن میں ہزاروں مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا، کے ضمن میں مودی پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ انہوں نے دیدہ و دانستہ مسلم کْش فسادات ہونے دیے اور اس مغربی صوبے گجرات کے لیڈر ہونے کے باوجود مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

مودی خود پر لگے ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ تب سے نریندر مودی امریکا میں ایک ’نا پسندیدہ یا ناقابل قبول شخصیت‘ تصور کیے جاتے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھارت کے دورے کے دوران بھارت امریکا اسٹریٹیجک سالانہ مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ پینٹاگون کی ایک اعلیٰ اہلکار کے بقول، امریکی وزیر دفاع چیک ہیگل کے بھارت کے دورے کا مقصد مودی حکومت کے ساتھ وسیع تر عسکری تجارت اور تعاون کی کوششیں کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :