سانحہ ماڈل ٹاؤن‘ شہباز شریف اوررانا ثنا اللہ سمیت 17اہم شخصیات کے مابین ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو کی تجزیاتی رپورٹ ٹربیونل میں پیش ، 2ڈی ایس پیز ، 4ایس ایچ اوز اور 16کانسٹیبلز نے بیان حلفی سمیت اپنے بیان ریکارڈ کروادیئے ،سانحہ ماڈل کی تحقیقات روزانہ کی بنیاد پر شفاف طریقے سے کر رہے ہیں ،جلد رپورٹ پیش کر دینگے‘رکن جے آئی ٹی سیف المرتضیٰ ، ٹربیونل نے سابق ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار سمیت ماڈل ٹاؤن آپریشن میں حصہ لینے والے تمام ایس ایچ اوز کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا

جمعہ 18 جولائی 2014 21:23

سانحہ ماڈل ٹاؤن‘ شہباز شریف اوررانا ثنا اللہ سمیت 17اہم شخصیات کے مابین ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) حساس ادارے نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے عدالتی ٹربیونل میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ سمیت 17اہم شخصیات کے مابین ہونیوالی موبائل فون گفتگو کی تجزیاتی رپورٹ پیش کردی، 2ڈی ایس پیز ، 4ایس ایچ اوز اور 16کانسٹیبلز نے بیان حلفی سمیت اپنے بیان ریکارڈ کروادیئے جبکہ ٹربیونل نے سابق ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار سمیت ماڈل ٹاؤن آپریشن میں حصہ لینے والے تمام ایس ایچ اوز کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ۔

جمعہ کے روز سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل ٹربیونل کے سربراہ جسٹس باقر علی نجفی نے کارروائی کا آغاز کیا تو ایڈیشل آئی جی رائے محمد الطاف ، ایس پی لیگل سردار کرامت ، ایس پی لیگل محمد شفیق ، ڈی ایس پی گارڈن ٹاؤن ، ڈی ایس پی اچھرہ رانا اسلام ، مقدمے کے مدعی ایس ایچ او فیصل ٹاؤن رضوان قادر ہاشمی ، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کاشف میر ، ایس ایچ او کاہنہ اشتیاق خان ، ایس ایچ او گلبرگ ذوالفقار علی ، 18زخمی کانسٹیبلز ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے رکن سیف المرتضیٰ اور حساس ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد خان ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سیشن جج حبیب اللہ عامر بھی ٹربیونل کے رجسٹرار کی حیثیت سے موجود تھے ۔ اس موقع پر 2ڈی ایس پیز ، 4ایس ایچ اوز اور 16کانسٹیبلز نے بیان حلفی سمیت اپنے بیان ریکارڈ کروائے ۔ جس کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے رکن سیف المرتضیٰ نے ٹربیونل کو تحقیقات کے حوالے اے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات روزانہ کی بنیاد پر شفاف طریقے سے کر رہے ہیں اور تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ ٹربیونل کو پیش کر دیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات کے موبائل فون کے ڈیٹا کاریکارڈ ہمارے پاس نہیں ہے جس کی وجہ سے تحقیقات میں مشکل پیش آ رہی ہیں ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے زیر استعمال ایک اور موبائل نمبر ملا ہے اور نئے نمبر سمیت دیگر 13اہم فون نمبرز کا ڈیٹا حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کی اجازت سے زخمی پولیس اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرنا شروع ہو گئے ہیں ، تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کر دیں گے ۔

ذرئع کے مطابق 4روز قبل جوڈیشل ٹربیونل نے 18مو بائل فونز کا ڈیٹا تکنیکی تجزیہ کے لئے حساس اداروں کے سپرد کیا تھا جس کاجواب دیتے ہوئے حساس ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور رانا ثنا اللہ سمیت 17اہم شخصیات کے مابین موبائل فون گفتگو پر مبنی پچاسی صفحات کی تحریری رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالتی ٹربیونل نے سابق ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار ، ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز ، ایس پی عمر ورک ،سابق ایس پی سکیورٹی سلمان خان سمیت آپریشن میں حصہ لینے والے تمام ایس ایچ اوز کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21جولائی تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :