ٹیسٹ کرکٹ ، عمر اکمل کا ’’نیا ورژن‘‘ دھماکا خیز انٹری کیلیے تیار

ہفتہ 19 جولائی 2014 13:45

ٹیسٹ کرکٹ ، عمر اکمل کا ’’نیا ورژن‘‘ دھماکا خیز انٹری کیلیے تیار

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی 2014ء) عمر اکمل کا کہنا ہے کہ وہ اب ماضی کے مقابلے میں زیادہ سمجھ دار ہو چکے ہیں ان کے کھیل میں واضح فرق نظر آئے گا۔ نوجوان بیٹسمین کے مطابق وہ اب ماضی کے مقابلے میں زیادہ سمجھدار ہو چکے، کھیلتے ہوئے واضح فرق نظر آئیگا۔ انھوں نے اپنے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پرفارمنس سے سب کو جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔

برطانوی اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو میں عمر اکمل نے کہا کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر خوش مگر اب تک حیران ہوں کہ اچھی کارکردگی کے باوجود پہلے کیوں ڈراپ کیا گیا تھا، بیٹنگ میں مجھے تکنیکی مسائل کا سامنا نہیں رہا البتہ اپروچ کے حوالے سے بعض معاملات تھے جس پر کام کر کے حل کر لیا۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ شائقین کو2011 کے مقابلے میں اب میرا بالکل مختلف اور میچور بیٹسمین کا ورژن نظر آئیگا،سب ایک زیادہ ذمہ دار اور ٹیم میں اپنا کردار سمجھنے والے پلیئر کو دیکھیںگے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید پر انھوں نے کہا کہ میں نے گذشتہ ڈومیسٹک سیزن میں سوئی گیس کیلیے طویل اننگز کھیل کر اپنے ٹیمپرامنٹ کا اظہار کیا، اب سری لنکا سے سیریز اور اسکے بعد بھی عمدہ پرفارمنس کیلیے بے چین ہوں، رہی بات ناقدین کی تو میں انھیں صرف اپنی کارکردگی سے جواب دینا چاہتا ہوں۔

ان لوگوں کو ٹی وی پر بیٹھ کر بولنے اور ہیڈ لائنز بنانے کے پیسے ملتے ہیں، تنقید کرنے والوں میں سے چند نے تو شائد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا خواب ہی دیکھا ہو مگر باتیں ایسے کرتے ہیں جیسے ہر ریکارڈ توڑ دیا ہو، میں صرف اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور کرکٹ کو جاننے والے قریبی افراد کی تعمیری تنقید سنتا ہوں، اگر میں ہر تنقید کو خود پرسوار کر لوں تو پرفارم نہیں کر سکوںگا۔

عمر اکمل نے مزید کہا کہ شادی کے بعد مجھ میں اضافی ذمہ داری آ گئی، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے میں بطور انسان اور کرکٹ بہتر ہوا۔

متعلقہ عنوان :