پشاور میں دلیپ کمار کا آبائی گھر برائے فروخت، قیمت صرف 8 کروڑ روپے

پیر 21 جولائی 2014 15:40

پشاور میں دلیپ کمار کا آبائی گھر برائے فروخت، قیمت صرف 8 کروڑ روپے

ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21جولائی 2014ء) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار اداکار دلیپ کمار کی پاکستان میں آبائی رہائش گاہ کے مالک نے 8 کروڑ روپے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار کے پشاور میں آبائی گھر کے مالک اکرم اللہ نے تاریخی ورثہ قرار دیئے جانے والے مکان کے لئے 8 کروڑ روپے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پاکستان کے صوبے خیبر پختون خوا کے محکمہ ثقافت کے ایک اہلکار کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے قومی ورثہ قرار دیئے جانے سے پہلے ہی صوبائی حکومت اس تاریخی گھر کو خریدنےت اور اس کی تعمیرنو کرنے کا فیصلہ کر چکی تھی۔

خیبر پختون خوا کے محکمہ ثقافت کے اہلکار کے مطابق مکان کے مالک اکرم اللہ نے پہلے عمارت کے لئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس عمارت کو تاریخی ورثہ قرار دیئے جانے کے بعد مالک مکان نے ایک دم سے ہی 8 کروڑ کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

محمکہ کے اہلکار نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے مالک کو 2 کروڑ روپے کی پیش کش کی اور اسے متنبہ بھی کیا کہ آئین کے مطابق عمارت کو ثقافتی ورثہ قرار دیئے جانے کے بعد حکومت یہ مکان اس سے حاصل کر سکتی ہے۔

سیکرٹری جنرل قومی ورثہ کونسل شکیل وحید اللہ کا کہنا ہے کہ اکرم اللہ اس مکان کا قانونی مالک ہے لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت اس عمارت کو حاصل کر سکتی ہے کیونکہ یہ کسی بھی وقت گر سکتی ہے اور اس کے مکینوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے حکام سے پاکستانی حکام کی جانب سے عمارت کو تاریخی ورثہ قرار دیئے جانے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جلد سے جلد بھارتی اداکار کے ساتھ عمارت کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت ہر پشاور میں واقع دلیپ کمار کی رہائش گاہ کو تاریخی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :