Live Updates

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کی کوئی درخواست نہیں دی‘ نہ اب تک اجازت دی گئی ہے، وزیرقانون پنجاب

پیر 21 جولائی 2014 19:47

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کی کوئی درخواست نہیں دی‘ نہ اب تک ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء) وزیرقانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے انتظامیہ کو موجودہ جمہوری حکومت کے خلاف اسلام آباد میں لانگ مارچ اور جلسہ کرنے کی کوئی درخواست نہیں ملی۔ آج کے دن تک نہ انہوں نے کوئی درخواست دی ہے اور نہ حکومت نے اس سلسلے میں کوئی اجازت نامہ جاری کیا ہے۔ 14اگست کو ہم ”ڈی چوک“ میں شان و شوکت کے ساتھ پاکستان کایوم آزادی منائیں گے۔

مخالفین نے اگر وہاں کوئی غیرقانونی حرکت کی‘ تو اس سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔ یہاں پنجاب سپورٹس بورڈ کے آفس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرقانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے دور آمریت میں جمہوریت کے لئے بے تحاشا قربانیاں دی تھیں۔

(جاری ہے)

وہ ہر جمہوریت پسندشخص کی نظر میں قابل قدر ہیں۔

رانا ثناء اللہ مسلم لیگ (ن) کے اہم رکن ہیں اور پارٹی میں ان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی۔ رانا مشہود احمد خاں نے رانا ثناء اللہ کے اس مطالبے کو جائز قرار دیا کہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشیل کمیشن تحریک منہاج القرآن کے لوگوں اور خود مولانا طاہرالقادری کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی طلب کرے‘ تبھی صاف شفاف تحقیقات کا عمل آگے چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور حکومت پنجاب اس امتحان میں سرخرو ہو کر نکلے گی۔

طاہرالقادری اگر سچے ہوتے تو جوڈیشل کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرتے اور اپنی رہائش گاہ کے نزدیک کرائم سین کے فورنزک ثبوت مٹانے کی کوشش نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری نے ٹیلفونک خطاب میں اپنے مریدوں کو ”مارنے یا مر جانے“ کا حکم دے کر بغاوت پر اکسایا۔ اس بارے میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد کارروائی ہو گی۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ طاہرالقادری نے پولیس اہلکاروں کو حکومت کے احکامات نہ ماننے کا حکم بھی جاری کیاتھا۔ ایسا کوئی بیان اگر وہ کینیڈا میں دیتے تو اب تک وہاں کی جیل میں بند ہو چکے ہوتے۔ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ طاہرالقادری چند سال قبل ایک خاتون کو ساتھ لئے پھرتے تھے جوکھلے بندوں یہ الزام ہر جگہ دہراتی تھی کہ شیخ رشید نے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

کل تک طاہرالقادری اس خاتون کو شیخ رشید کی جنسی درندگی کے خلاف انصاف دلانے نکلے تھے‘آج وہی شخص ان کے نام نہاد انقلاب کا نقیب بن کر سامنے آ گیا ہے۔ جن کا والی وارث نہیں‘ انہیں آج مولاناطاہرالقادری نے گود لے لیا ہے۔ مولانا کنٹینر نے خود ماضی میں بکرے کا خون لگا کر قوم کے سامنے مظلوم بننے کی ناکام کوشش کی تھی۔گزشتہ سال کنٹینر مارچ کے موقع پر بھی اسلام آباد میں طاہرالقادری کی شعبدہ بازی کسی کام نہ آئی۔

آج لاشوں کی سیاست بھی کامیاب نہیں ہو گی۔ اگر وہ قوم سے مخلص ہیں تو اپنا کنیڈین پاسپورٹ چھوڑ کر عوا م کے سامنے آئیں۔ وزیرقانون نے کہا کہ یہ ذاتی انا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور قوم کو مشکل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ طاہرالقادری کی پرورش شریف خاندان نے کی تھی۔ ان کا سارا خرچہ مرحوم میاں محمد شریف اٹھایا کرتے تھے لیکن جب میاں محمد شریف نے آستین کے اس سانپ کی حرکتیں دیکھیں تو انہوں نے اپنی اولاد کو تلقین کی کہ اس شخص سے بچنا اورخیر کی توقع نہ رکھنا۔

تمہیں اس موذی سے کوئی ”خیر“ نہیں ملے گی۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ قانون کی بالادستی قائم کرنے کی بات کی ہے۔ اگر کوئی شخص بھی طاقت کا بے جا مظاہرہ کرے گا یا قانون اپنے ہاتھ میں لے گا تو حکومت اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ فیصل آباد کے نواحی قصبے کھرڑیانوالہ میں مسلم لیگی ایم پی اے رانا شعیب ادریس کے مقامی تھانے میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے فوری نوٹس لیاہے۔یہ کیس عدالت میں جائے گا اور جو بھی فیصلہ ہو گا عوام دیکھیں گے کہ حکومت ہر حال میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات