غزہ میں صیہونی بربریت کی انتہا، شہادتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

جمعہ 25 جولائی 2014 11:59

غزہ میں صیہونی بربریت کی انتہا، شہادتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

غزہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جولائی 2014ء) غزہ میں صیہونی افواج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری سے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور 18 روز سے جاری حملوں میں اب تک 800 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صیہونی افواج کی غزہ میں سفاکیت 18 ویں روز بھی جاری ہے اور تازہ ترین حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں عام شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کے بعد اب مساجد، اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی آگ کے گولے برسائے جا رہے ہیں جس میں اب شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 800 سے زائد جب کہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

مغربی پٹی میں رام اللہ کے علاقے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی صیہونی افواج نے جبالیہ میں پناہ گزین کے کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 7 فراد شہید ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا جس میں 15 معصوم بچے جاں بحق جب کہ 100 کے قریب زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یورپ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں سول سوسائٹی کی جانب سے مظاہرے کئے جا رہے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کسی طریقے سے بھی اسرائیل بربریت کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :