شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے حضرت یونس علیہ السلام کا مزار شہید کردیا

جمعہ 25 جولائی 2014 12:14

شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے حضرت یونس علیہ السلام کا مزار شہید ..

بغداد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جولائی 2014ء) شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق وشام ( داعش ) نے عراقی شہر نینویٰ میں جلیل القدر پیغمبر حضرت یونس علیہ السلام کے مزار کو شہید کر دیا۔ عرب نیوز کے مطابق داعش کے جنگجوؤں نے مشرقی موصل میں حضرت یونس کے مزار اور اس سے ملحقہ مسجد پر مکمل قبضے کے بعد مسجد کو نمازیوں کے لیے بند کر دیا جس کے بعد مزار کو بارودی مواد رکھ کر اڑا دیا جبکہ مزار سے متصل 138 ھجری میں تعمیر کی گئی جامع مسجد بھی منہدم ہوگئی۔

داعش کے جنگجوؤں کی جانب سے مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے لئے یکے بعدیگرے اہل تشیع مکتبہ فکر کے مقدس مقامات کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، جنگجوؤں نے موصل میں جامع حسینہ اور امام ابوالعلی کا مزار بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا اس کے علاوہ الفیصلیہ کے مقام پر امام بارگاہ فاطمیہ اور اہل تشیع کی جامع مسجد کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز داعش کے جنگجوؤں نے موصل میں پیغمبر حضرت دانیال علیہ السلام کے مزار کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا، بدھ کے روز مغربی موصل میں امام یحییٰ ابو القاسم کے مزار کو بھی دھماکا خیز مواد رکھ کر تباہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے جون کے اواخر میں عراق کے دوسرے سب سے بڑے شہر موصل سمیت کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد مسلسل مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :