ملک بھرمیں جرائم کی شرح میں 102 فیصد اضافہ ہواہے،سعودی وزارت انصاف

جمعہ 25 جولائی 2014 13:13

ملک بھرمیں جرائم کی شرح میں 102 فیصد اضافہ ہواہے،سعودی وزارت انصاف

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) سعودی عرب کی وزارتِ انصاف نے کہاہے کہ سعودی مملکت میں جرائم کی شرح میں 102 فیصد تک اضافہ ہوا ہے،سال 2012 میں جرائم کی تعداد دس ہزار نو سو چار تھی، جو کہ 2013 میں بڑھ کر بائیس ہزار ایک سو تیرہ تک جاپہنچی۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمارکے مطابق اس سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں فوجداری مقدمات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،تاہم نائف عرب یونیورسٹی میں سیکیورٹی سائنس کے شعبے کے ایک اہلکار خالد البشیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی جرائم کی شرح میں تضادات کا پتہ لگانے کے لیے جرائم کے اعدادوشمار کا موازنہ آبادی کے اعدادوشمار سے کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا جرائم میں اضافے کے حوالے سے مختلف عناصر اثر انداز ہوتے ہیں، جیسے کہ آب و ہوا، رویے اور بڑی تعداد میں دیگر مسائل۔خالد البشیر نے کہا کہ مطالعے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جرائم کی شرح میں موسمِ گرما کے دوران اضافہ ہوجاتا ہے، جبکہ سمندر کی سطح سے کم بلندی کے حامل علاقوں میں پہاڑی علاقوں کے مقابلے میں جرائم کی بڑی تعداد رپورٹ ہوتی ہیں۔