Live Updates

عمران خان کو آزادی مارچ کے لاہور سے آغاز سے قیادت کرنے کا مشورہ

جمعہ 25 جولائی 2014 17:27

عمران خان کو آزادی مارچ کے لاہور سے آغاز سے قیادت کرنے کا مشورہ

لاہور( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف آزادی مارچ کیلئے مشاورتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے ، مرکزی رہنماؤں نے عمران خان کو آزادی مارچ کے لاہور سے آغازسے قیادت کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان نے پارٹی عہدیداروں کو عید کے فوری بعد مارچ کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ اس مارچ میں شرکت کے لیے سندھ اور بلوچستان کے قافلے 12اگست کو روانہ ہوں گے،جنوبی پنجاب کے قافلے 13اگست کو روانہ ہوں گے۔

آزادی مارچ کے شرکا 14اگست کی صبح لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ روانہ ہوں گے۔ لاہور،مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسی، کھاریاں سمیت دیگر شہروں میں بڑے استقبال کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ پنجاب میں آزادی مارچ کے شرکا ء کے استقبال کے لیے جی ٹی روڈ پر ہر 20کلومیٹر بعد استقبالی کیمپ لگائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے بتایا کہ لانگ مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل کور کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی ۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی تنظیم نے ایک لاکھ موٹرسائیکل سواروں کو آزادی مارچ کے قافلے میں شریک کروانے کا ٹارگٹ بنا لیا ہے ۔ یاد رہے کہ عمران خان اس مارچ کی قیادت اسلام آباد سے کرنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے نت نئے طریقوں سے اس مارچ کو ناکام بنانے کی خبروں کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اور وہ کسی بھی طرح سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ساتھ اسلام آباد لیجانا چاہتی ہے. انکا خیال ہے کہ اگر عمران خان اس قافلے کو لیڈ کریں تو یقینا لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ساتھ ملے گی. عمران خان کی عدم موجودگی میں لوگوں کی بڑی تعداد کو گھروں سے نکالنا مشکل ہو جائے گا.

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات