پاکستانی کھلاڑی کامن ویلتھ گیمزمیں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام

جمعہ 25 جولائی 2014 17:43

پاکستانی کھلاڑی کامن ویلتھ گیمزمیں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام

لاہور(‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) پاکستانی کھلاڑی کامن ویلتھ گیمزمیں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلا اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں سج گیا۔گیمز کے پہلے روزپاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ ویٹ لفٹنگ کی چھپن کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے محمد شہزاد نے نمائندگی کی۔

نوجوان ویٹ لفٹر نے پہلی کوشش میں کامیابی سے ایک سو سات کلو گرام وزن اٹھایا۔ لیکن دوسری اور تیسری کوشش ناکام ہونے کے بعد محمد شہزاد کے لیے ایک سو دس کلو گرام کا وزن ”وزنی“ ہی ثابت ہوا۔ قومی ویٹ لفٹر کی ناکامی سے پاکستان کے مایوس کن آغاز کا دکھ بڑھ گیا۔پاکستانی سوئمرزکوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکے۔ایونٹ کے پہلے روز پاکستانی سوئمرز اپنا جادو دکھانے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

پچاس میٹر بریسٹ اسٹروکس کی ہیٹ ٹومیں پاکستان کی لیانا سوان تیسرے اور انعم بانڈے آٹھویں نمبرپررہیں۔مجموعی طور پر پیتنس سوئمرز میں سے انعم بانڈے چونتیس اورلیاناسوان چوبیس ویں نمبرپررہیں۔سو میٹر بٹرفلائی ہیٹ ون میں پاکستان کی کرن خان پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں تاہم مجموعی طور پر وہ اکتالیس میں سے انتالیسویں نمبرپررہیں۔چارسو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں پاکستان کے اسرار حسین نے اٹھائیس میں سے ستائیسویں پوزیشن حاصل کی۔ اسرار نے مقررہ فاصلہ چار منٹ اکتیس سیکنڈز میں طے کیا۔