”اپنا خاص بندہ ہے“ وزیراعلیٰ نے یاد دلانے پر ڈی پی او گجرات کی معطلی کا حکم واپس لے لیا

جمعہ 25 جولائی 2014 20:52

”اپنا خاص بندہ ہے“ وزیراعلیٰ نے یاد دلانے پر ڈی پی او گجرات کی معطلی ..

لاہور(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ گجرات میں کمسن لڑکے کے دونوں ہاتھ کاٹنے کے کیس میں سنگین کوتاہی کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے میڈیا، سرکاری افسروں اور عوام کی بڑی تعداد کے سامنے ڈی پی او گجرات رائے اعجاز احمد کو معطل کر کے او ایس ڈی بنانے کاحکم جاری کرنے کے بعد کان میں یہ یاد دلائے جانے پر واپس لے لیا کہ ڈی پی او اپنا خاص بندہ ہے جس نے اپنے والد کے ہمراہ حافظ آباد کے ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم کے دوران ن لیگ کی بہت مدد کی تھی۔

(جاری ہے)

رائے اعجاز احمد کے والد بھی ایس پی ہیں اور ان کی آڈیو ٹیپ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حافظ آباد میں دھاندلی کے حوالے سے اپنے جلسہ عام میں بھی چلائی تھی۔ کامل علی آغا نے کہا کہ جب صوبہ کے حکمران اعلیٰ کا یہ رویہ ہو کہ ”اپنے بندہ“ کا پتہ چلنے پر اس کو مظلوم لڑکے پر ہونے والا ظلم و تشدد بھول جائے اور مظلوم و انصاف کا ساتھ دینے کے تمام دعوے دم توڑ جائیں تو صوبہ کے عوام کو ظلم و نا انصافی سے نجات کیسے مل سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بدتر سے بدترین ہو چکی ہے، ڈاکوؤں، لٹیروں، قاتلوں اور ظلم و زبردستی کرنے والوں کو کسی کا خوف نہیں ہے۔